اسرائیل نے حملہ کرکے زیادتی کی، ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، نوازشریف

0 minutes, 0 seconds Read

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے زیادتی کی ہے، ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور پاکستان کی ایٹمی طاقت کو ملک کی خوش نصیبی قرار دیا۔

نواز شریف نے ایران پر حملوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ایران پر حملہ کرنا کون سی انسانیت ہے؟ پاکستان کی خوش نصیبی ہے کہ آج وہ ایٹمی طاقت رکھتا ہے اور ہم نے یہ ایٹم بم جنگ کے لیے نہیں بلکہ امن کے لیے بنایا ہے، دنیا میں امن قائم ہونا چاہیئے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے زیادتی کی، کسی پر حملہ کرنا اور کسی کے گھر کو جلا دینا کون سے معاشرے میں ہوتا ہے، ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف اور مریم نیک نیتی سے کام کررہے ہیں، پاکستان مشکلات سے باہر نکلتا نظر آرہا ہے، لوگوں کی مشکلات کم ہورہی ہیں، پاکستان اچھے راستے پر گامزن ہے، پہلے تو تنزلی تنزلی تھی، اب پاکستان ترقی کی طرف آرہا ہے، امید ہے اللہ ہمیں ہماری امیدوں سے بڑھ کر نوازے گا۔

نواز شریف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں شرح سود کہاں تھی، آج کہاں ہے، شہبازشریف اور مریم کو شاباش دیتا ہوں، اچھا کام کررہے ہیں، 8،10 سال اسی طرح چلتے رہے تو ساری مصیبتیں دور ہوجائیں گی۔

Similar Posts