بھارتی فاسٹ بولر بمراہ کا مداح کے ساتھ نامناسب رویہ، موبائل چھیننے کی ویڈیو وائرل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو دنیا کے خطرناک ترین بولر میں شمار کیا جاتا ہے اور بھارت کے باہر بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے لیکن حال ہی میں ایئرپورٹ پر اپنے مداح کے ساتھ ان کے رویے پر تنقید کی جا رہی ہے اور ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جسپریت بمرا ائیرپورٹ پر موجود تھے جہاں ایک مداح کی جانب سے سیلفی لینے کی خواہش پر چڑ گئے اور ان کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا، اس وقت وہ ایئرپورٹ چیک ان کے لیے انتظار میں کھڑے تھے۔

بمراہ کے سخت رویے کے باوجود مداح سیلفی ویڈیو بناتے رہے اور ان کے ساتھ باتیں کرتے رہے اور بعد ازاں وہ ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں بمراہ کو مداح کو کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ فون گر جائے گا اور نقصان ہوگا لیکن اس کے باوجود مداح ویڈیو بنانے سے باز نہیں رہے اور پھر فاسٹ بولر نے آگے بڑھ کر موبائل فون اٹھالیا۔

اس دوران دونوں کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا اور مداح نے کہا کہ ‘میں آپ کے ساتھ جاؤں گا سر’، جس پر بمراہ کہتے ہیں ‘آپ کا فون گر جائے گا پھر میرے کو نہیں کہنا’ اس کے باوجود مداح کہتے ہیں ‘کوئی بات نہیں ہے سر’۔

بمراہ اس کے بعد آگے بڑھ کر موبائل چھین لیتے ہیں اور ویڈیو بھی ختم ہوجاتی ہے۔

What an arrogant behavior by Jasprit Bumrah. First he threatened his fan that he would throw his phone, and later he snatched the fan’s phone. pic.twitter.com/O2e4jSLw7s
— 𝐆𝐨𝐚𝐭𝐥𝐢𝐟𝐢𝐞𝐝 👑 (@Goatlified) December 17, 2025

سوشل میڈیا پر صارفین نے بھی سخت ردعمل دیا اوربمراہ کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا، متعدد صارفین نے کہا کہ ان لوگوں کو اتنی اہمیت کیوں دی جاتی ہے حالانکہ ان کا رویہ خراب ہوتا ہے۔

ایک صارف نے ردعمل میں کہا کہ لوگ سمجھتے کیوں نہیں ہیں کہ کرکٹرز اور سلیبریٹیز کو خدا نہیں ہیں، انہیں زیادہ اہمیت دینا بند کردیں، دوسرے نے کہا کہ بمراہ کا یہ رویہ بالکل متکبرانہ ہے، ایک اور صارف نے کہا کہ چند کرکٹرز اس شہرت کے مستحق نہیں ہیں جو انہیں مل گئی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری ٹی20 سیریز کا چوتھا میچ لکھنو کے اٹل بہار واجپائی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تھا لیکن عین وقت پر دھند کی وجہ سے میچ منسوخ کردیا گیا۔

سیریز کا چوتھا میچ منسوخ ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کو انڈور پریکٹس کی ہدایت کی گئی تھی اور رپورٹس میں بتایا گیا کہ بھارتی آل راؤنڈر ہارڈک پانڈیا ماسک پہنے ہوئے نظر آئے کیونکہ اسٹیڈیم کے اطراف میں فضائی آلودگی بدترین سطح پر پہنچی اور ایئرکوالٹی (اے کیو آئی) 400 سے زائد ریکارڈ کی گئی۔

بھارت نے سیریز کے ابتدائی طور پر کھیلے گئے 3 میچوں میں سے دو میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

Similar Posts