امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کے اعلان کے مطابق جماعت اسلامی کے تحت شہر میں خونی ٹینکرز و ڈمپر اور ہیوی ٹریفک کے باعث شہریوں کی بڑھتی اموات، ای چالان کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکے، حکومتی بے حسی، تباہ حال انفراسٹرکچر، شہریوں کے حقوق کی پامالی کے خلاف جمعہ 19دسمبر کو احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق شہر کی بڑی و مرکزی شاہراؤں اور اہم پبلک مقامات پرشام5بجے احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے، امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نورانی کباب پاؤس چورنگی شاہراہ قائدین پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کریں گے۔
دھرنے کالا بورڈ نیشنل ہائی وے، تبت سینٹر ایم اے جناح روڈ، داؤد چورنگی، کراسنگ شاہراہ کورنگی، پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی، یونیورسٹی روڈ موسمیات، حیدری مارکیٹ شیر شاہ سوری، لیاقت آباد نمبر 10، شاہراہ اورنگی پانچ نمبر، گارڈن آفس مین حب ریور روڈ،پراچہ چوک شیر شاہ، سہراب گوٹھ سپر ہائی وے و دیگر مقامات پر ہوں گے۔
سیکریٹری جنرل کراچی توفیق الدین صدیقی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھرنوں میں بھر پور شرکت کریں اور سندھ حکومت و ٹریفک پولیس کی نا اہلی و ناکامی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں۔