بلوچستان کا 26-2025 کا بجٹ:حجم ایک ہزار ارب سے زائد متوقع

0 minutes, 0 seconds Read

بلوچستان حکومت آج مالی سال 26-2025 کا بجٹ پیش کرے گی۔ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی بلوچستان اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ کا مجموعی حجم ایک ہزار ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے، جو کہ 40 ارب روپے سرپلس بجٹ ہو گا۔

بجٹ میں ترقیاتی مد میں 245 ارب روپے جب کہ غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 642 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ صوبے میں تعلیم کے شعبے کے لیے 125 ارب روپے اور صحت کے لیے 71 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔

حکومت نے عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے اضافی 30 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز بھی دی ہے، جب کہ امن و امان کی بہتری کے لیے 97 ارب روپے بجٹ میں شامل کیے جا رہے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق بلوچستان کو آئندہ مالی سال میں وفاقی محاصل سے 743 ارب روپے موصول ہونے کی توقع ہے، جو کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 70 ارب روپے زائد ہوں گے۔ یہ رقم این ایف سی ایوارڈ کے تحت قابلِ تقسیم محاصل اور قدرتی وسائل سے حاصل آمدنی پر مشتمل ہو گی۔

بلوچستان حکومت کی اپنی آمدن (صوبائی ٹیکسز اور نان ٹیکس ذرائع) سے 150 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

بجٹ میں وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی امکان ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ ترقی، فلاحی اقدامات اور عوامی خدمات کی بہتری پر مرکوز ہوگا۔

Similar Posts