قومی ایئرلائن پی آئی اے کے پائلٹ نے دورانِ پرواز ایک غیر معمولی منظر کی ویڈیو بنا لی، جب ایران سے فائر کیے گئے میزائل اسرائیل کی جانب جاتے ہوئے دکھائی دیے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب القصیم سے پاکستان آنے والی پرواز سعودی شہر دمام کے قریب فضا میں موجود تھی۔
ذرائع کے مطابق پائلٹ نے کاک پٹ سے ایرانی میزائلوں کی فلم بندی کی، جو کہ بہت بلند فضا میں اور ایرانی حدود میں موجود تھے۔ طیارے اور مسافروں کو کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا، کیوں کہ میزائل فضا کی انتہائی اونچائی پر تھے اور طیارہ سعودی عرب کی فضائی حدود میں پرواز کر رہا تھا۔
ترجمان پی آئی اے نے بھی ویڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک غیرمعمولی فضائی منظر تھا جو پائلٹ نے محفوظ کیا۔