ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر میزائلوں کی برسات کردی، ایرانی فورسز نے تل ابیب اور حیفہ پر 8 میزائل داغے، متعدد شہروں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
ارنا کے مطابق ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی، ایرانی فورسز نے تل ابیب اور حیفہ پر آٹھ میزائل داغے ہیں جبکہ اسرائیلی میڈیا نے حملوں کی تصدیق کردی۔
حملوں کے بعد متعدد شہروں میں سائرن بج اٹھے، حملے میں اسرائیل میں واقع 100 سال قدیم وزمن انسٹی ٹیوٹ سائنس تباہ ہوگیا۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ حملوں میں صہیونیوں کے خلاف نئے میزائل استعمال کررہے ہیں، ہم اسرائیل کی کمر توڑ دیں گے۔
ایرانی فوج نے کہا کہ کچھ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ ایران کے میزائل کم کیوں ہوگئے، ایران کی میزائل صلاحیت کم نہیں ہوئی، ہم اسرائیل پر حملے ناپ تول کر رہے ہیں، ہم کم میزائل فائر کر کے بڑے اہداف حاصل کررہے ہیں، اسرائیل پر میزائل حملے مرحلہ وار جاری رہیں گے۔
ایرانی فوج کا مزید کہنا تھا کہ دشمن کی بیٹریز کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، بیٹریز کے نقصان سے دشمن کے دفاع کی صلاحیت کمزور ہوگی، صیہونی زیادہ تر وقت پناہ گاہوں میں چھپے ہوتے ہیں، پناہ گاہوں میں رہنے سے ان پر نفسیاتی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
اس سے قبل مقبوضہ بیت المقدس پر پھر بیلسٹک میزائل اور ڈرون داغے گئے۔ پاسدارن انقلات کے مطابق ٹی وی چینل پر حملہ کرنے والے فوجی اڈے، موساد کے آپریشن پلاننگ سینٹر اور ملٹری انٹیلی جنس سینٹر کو نشانہ بنایا گیا، حیفہ ریفائنری سے پیداوار مکمل طور پر رک گئی، حملے میں 3 ملازمین مارے گئے۔
ایران نے اسرائیل پر سائبر حملہ بھی کیا، اسرائیلی ٹی وی چینل فورٹین کی نشریات ہیک کرلیں۔
یاد رہے کہ 13 جون سے اب تک ایرانی حملوں میں 24 اسرائیلی شہری ہلاک اور 600 زخمی ہوچکے ہیں۔