کراچی پریس کلب کے باہر صحافیوں نے اسرائیل کی غزہ میں مظالم اور ایران کے سرکاری ٹی وی پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے جنگی جرائم کا فوری نوٹس لے کر فلسطینیوں کو انصاف دلایا جائے۔
کراچی پریس کلب کے باہر صحافیوں نے اسرائیل کی غزہ میں جاری مظالم اور ایران کے سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور، پریس کلب کے ممبران اور مختلف صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے اس احتجاج میں شرکت کی۔
سینئر صحافی مظہرعباس، اے ایچ خانزادہ، امتیاز فاران، سعید سربازی اور مقصود یوسفی سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے سرکاری ٹی وی پر حملہ اخلاقی اور قانونی طور پر ناقابل قبول ہے۔
صحافیوں نے کہا کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ اس کے مظالم کی خبریں دنیا تک نہ پہنچیں۔ غزہ میں اب تک جو صحافی شہید ہوئے ہیں، اتنے دوسرے عالمی تنازعات میں بھی نہیں ہوئے۔
صحافیوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے جنگی جرائم کا فوری نوٹس لے اور فلسطینی عوام کو انصاف دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک اسرائیلی جارحیت نہیں روکی جاتی، خطے میں حقیقی امن کا قیام ممکن نہیں۔