صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک میں برساتی نالے میں گاڑی بہہ جانے کے افسوسناک واقعے میں دو خواتین کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جب کہ ایک کمسن بچہ تاحال لاپتا ہے، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ہی خاندان کے 10 افراد ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے اور تیز بارش کے باعث برساتی نالے میں پانی کا بہاؤ اچانک تیز ہو گیا۔ گاڑی پانی کی شدت برداشت نہ کر سکی اور بہہ گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی تھیں جن کے دوران پانچ افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔ تین افراد لاپتا ہو گئے تھے جن میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل تھے۔
ریسکیو ٹیموں نے دو خواتین کی لاشیں نالے سے نکال لی ہیں جبکہ لاپتا بچے کی تلاش جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے اہلکار علاقے میں تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں اور قریبی علاقوں کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران نالوں اور تیز بہاؤ والے علاقوں سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔