’25 دن بعد۔۔۔‘: جاپانی بابا وانگا کی سونامی پیش گوئی نے ہنگامہ مچا دیا

0 minutes, 0 seconds Read

روس کے کاماچتکا جزیرہ نما میں بدھ کی صبح 8.8 شدت کا شدید زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو اور روس کے کوریل جزائر میں سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔ اس قدرتی آفت نے جاپانی مصور ریو تاتسوکی کی 1999 کی ایک ”مانگا“ (جاپانی گرافک ناول) ”دی فیوچر آئی سا“ میں کی گئی ایک پراسرار پیش گوئی کو ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

ریو تاتسوکی، جنہیں سوشل میڈیا پر ”جاپانی بابا وانگا“ کہا جا رہا ہے، انہوں نے اپنی مانگا سیریز میں 5 جولائی 2025 کو جاپان کے جنوبی علاقے میں ایک بڑے سانحے کی پیش گوئی کی تھی۔ اگرچہ اصل زلزلہ جولائی کے اختتام پر آیا، مگر کئی صارفین اب اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ شاید یہ پیش گوئی کسی ایک دن کے بجائے پورے مہینے کے لیے تھی۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے زلزلے اور سونامی کو تاتسوکی کی پیش گوئی سے جوڑتے ہوئے اسے ایک ”خوفناک مماثلت“ قرار دیا۔

ایک پوسٹ میں کہا گیا: ’تاریخ بالکل وہ نہیں، مگر تاتسوکی کے وژن کی عزت کرنی پڑے گی۔‘

ایک ”ایکس“ صارف کا کہنا تھا کہ ’بابا وانگا کی 2025 کی پیش گوئی نے جاپانی سیاحت کو پہلے ہی متاثر کیا تھا، مگر کوئی نہیں جانتا تھا کہ وہ اتنی درست نکلے گی۔ روس کے قریب زلزلے نے جاپان اور روس دونوں کو سونامی کی لپیٹ میں لے لیا۔‘

ایک اور صارف نے لکھا، ’ریو تاتسوکی، جسے ”جاپانی بابا وانگا“ کہا جاتا ہے، نے جولائی 2025 میں میگا سونامی کی پیشگوئی کی تھی۔ آج، 30 جولائی کو، زبردست زلزلے نے حقیقت میں سونامی کی لہریں پیدا کیں۔ یہ پیشگوئی ہے یا اتفاق؟ سائنس کوئی تعلق نہیں مانتی، مگر وقت کا تعین چونکا دینے والا ہے۔‘

ایک صارف کا سوالیہ انداز میں کہنا تھا کہ ’ریو تاتسوکی درست ثابت ہوئیں؟ نئی بابا وانگا کی جولائی کی پیشگوئی پوری ہو گئی؟‘

تاتسوکی کی اس پیش گوئی کے بعد جاپان کے لیے ہانگ کانگ سے جون کے آخر سے جولائی کے آغاز تک فضائی بُکنگز میں 83 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے عوامی خوف اور خدشات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

تاہم جاپانی ماہرین اور حکام نے اس پیش گوئی کو غیر سائنسی قرار دیا ہے۔

ٹوکیو یونیورسٹی کے پروفیسر سیکیا ناؤیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کی درست پیش گوئی ممکن نہیں، اور اس طرح کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔ جاپانی حکومت نے بھی عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ایسی غیر سائنسی پیش گوئیوں پر یقین نہ کریں۔

یاد رہے کہ تاتسوکی نے 2011 کے توہوکو زلزلے کی بھی پیش گوئی کی تھی، جس کے باعث انہیں کچھ حلقے ”درست اندازہ لگانے والی فنکارہ“ تصور کرتے ہیں۔

تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ ان کی پیش گوئیاں مبہم اور اتفاقی ہوتی ہیں، بالکل بابا وانگا کی طرح۔

Similar Posts