آئی پی ایل کی فاتح آر سی بی کی وکٹری پریڈ میں بھگدڑ مچنے سے 11 افراد ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی شہر بنگلورو میں آئی پی ایل کی جیت کا جشن سوگ میں بدل گیا، رائل چیلنجر بنگلورو (آر سی بی) کی وکٹری پریڈ میں بھگدڑ مچنے سے 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی جیت کا جشن اس وقت قیامت خیز سانحے میں بدل گیا جب رائل چیلنجرز بنگلورو کی وکٹری پریڈ کے دوران چنا سوامی اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

نائب وزیراعلیٰ کرناٹک نے اموات کی تصدیق کردی اور بتایا کہ واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد بے ہوش بھی ہوئے۔ حادثے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ متاثرہ افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریڈ کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور جیسے ہی ٹیم کی بس پہنچی، لوگ آگے بڑھنے لگے جس سے افراتفری پھیل گئی، کچھ دیر میں صورتِ حال بے قابو ہو گئی اور متعدد افراد ایک دوسرے پر گرنے لگے، جس سے کئی افراد دم گھٹنے اور دبنے سے ہلاک ہو گئے۔

عینی شاہدین اور متاثرین نے انتظامیہ اور حکومت کو مکمل طور پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے اجتماع کے لیے کوئی حفاظتی انتظامات یا ہنگامی سہولیات دستیاب نہیں تھیں۔

واقعے کے بعد ریاستی حکومت اور مقامی انتظامیہ سخت تنقید کی زد میں ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ کئی شہری تنظیموں نے اسے ”انتظامی غفلت کا نتیجہ“ قرار دیا ہے۔

تاحال ریاستی حکام کی جانب سے سرکاری سطح پر ہلاکتوں کی تصدیق اور تحقیقات کے آغاز کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں بھگدڑ اور چیخ و پکار کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

Similar Posts