بھارتی میڈیا نے جنگ کے دوران جھوٹی خبریں پھیلائیں، امریکی جریدے کا انکشاف

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی میڈیا نے جنگ کے دوران جھوٹی خبریں پھیلائیں، اپنی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی، امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے گمراہ کن پروپیگنڈا بے نقاب کردیا۔ لکھا زی نیوز، این ڈی ٹی وی،آج تک نے سنسنی پھیلا کر بھارتی عوام کو گمراہ کیا، غیرمتعلقہ فوٹیجز اور ویڈیو گیمز تک کا استعمال کیا۔

بھارتی میڈیا نے آپریشن بُنیان مرصوص کے دوران جھوٹی خبریں پھیلائیں، واشنگٹن پوسٹ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا کا گمراہ کن پروپیگنڈا بے نقاب کر دیا، بھارتی میڈیا نے اپنی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلائی، معروف امریکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارتی نامور چینلز نے ایسا جھوٹ پھیلا کر اپنی عوام کو گمراہ اور افواہوں کو ہوا دی۔

نیوز رومز پر ریٹنگز، سپیڈ اور حکمران جماعت کے موقف سے ہم آہنگ ہونے کا دباو حاوی تھا۔ بھارتی میڈیا نے ہمیشہ گمراہ کن پروپیگنڈہ اور جھوٹ پھیلا کر حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ 9 مئی کو بھارتی میڈیا نے پاکستان میں بغاوت اور کراچی پر مبینہ بحریہ کے حملے کی جھوٹی خبریں پھیلائیں۔

ان جھوٹی خبروں کی بنیاد غیر مصدقہ ذرائع سے موصول ہونے والے واٹس ایپ پیغامات اور سوشل میڈیا دعوے تھے۔

واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ اس غلط خبر کو بھارتی میڈیا کے بڑے چینلز زی نیوز، این ڈی ٹی وی اور آج تک نے سنسنی خیز انداز میں نشر کیا، من گھڑت خبر کو سچ ثابت کرنے کیلئے غیر متعلقہ فوٹیجز اور ویڈیو گیمز کے کلپس تک کا استعمال کیا گیا۔

امریکی جریدے کا اپنی رپورٹ میں مزید یہ بھی کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد کچھ بھارتی اینکرز نے غلطی تسلیم کرنے کی بجائے اس کا بھی دفاع کیا۔

یہ واقعہ محض صحافتی غلطی نہیں بلکہ ایک منظم بیانیے کا حصہ ہے ایسی جھوٹی خبروں نے ”ہائپر نیشنلسٹ“رجحانات، سیاسی دباو اور حکومت کی خاموشی کو مزید تقویت دی۔

واشنگٹن پوسٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق بھارتی ایڈمرل نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارتی میڈیا کے صحافیوں کی وجہ سے معلومات کی جنگ ہار چکے ہیں۔ بھارت کے قومی سلامتی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ غلط معلومات بھارت کے فائدے میں ہیں۔

سرکاری ذرائع ابلاغ جب جان بوجھ کر جھوٹے دعوے کریں تو اس کا مطلب ابہام پیدا کرنا ہوتا ہے۔ چند اعلیٰ عہدیداروں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ یہ غلط معلومات پھیلانا ایک اسٹریٹجک فیصلہ تھا، ایسی من گھڑت خبروں کا مقصد رائے عامہ کو متاثر کرنا تھا۔ بھارتی قومی سلامتی کے سینئر عہدیدار نے کہا کہ ایسے جھوٹے دعووں کا مقصد اطلاعات کے میدان میں فائدہ اٹھانا بھی ہوتا ہے۔

Similar Posts