پاکستان پرامن ملک ہے، جارحیت ہوئی تو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں، پاک فوج کی سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ

0 minutes, 0 seconds Read

پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے، جارحیت ہوئی تو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں، خطے میں امن چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ہیڈکوارٹر میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال پر بریفنگ دیتے پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ایک پُر امن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے لیکن اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی جاتی ہے تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان کیمرہ سیشن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی سیاسی قائدین کو حکومتی سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ان کیمرہ سیشن میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر قومی سلامتی کے امور بھی زیر غور آئے۔

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے تناظر میں ہونے والی بیک گراؤنڈ بریفنگ میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں سینیٹر پلوشہ خان، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، قمر زمان کائرہ، امیر مقام، بلال اظہر کیانی، مصطفیٰ کمال، کھیئل داس کوہستانی، محسن شاہنواز رانجھا، علی حیدر گیلانی، سردار عتیق، خرم دستگیر، عابد شیر علی، پرویز خٹک، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر عبدالشکور اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل تھے۔

تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اس حکومتی بیک گراؤنڈ بریفنگ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے شرکت سے انکار کیا ہے، ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پارٹی نے بریفنگ میں نہ جانے کا فیصلہ اصولی مؤقف اور موجودہ حکومت پر عدم اعتماد کی بنیاد پر کیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کی اور صورتحال سے قوم کو آگاہ کیا۔

’بھارت نے جنگ مسلط کی تو فیصلہ کن جواب کیلئے تیار رہے!‘ کور کمانڈرز کانفرنس

بھارت نے فوجی تصادم کا راستہ چنا تو یہ ان کی چوائس ہے، آگے معاملہ کہاں جاتا ہے وہ ہماری چوائس ہوگی، پاک فوج

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی جھوٹ کی قلعی کھولتے ہوئے واضح کیا کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی کے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں اور پاکستان کی سلامتی وخود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں جبکہ بھارت نے فوجی تصادم کا راستہ چنا تو یہ ان کی چوائس ہے، آگے معاملہ کہاں جاتا ہے وہ ہماری چوائس ہوگی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلگام حملے میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کا پردہ چاک کرتے ہوئے تکنیکی نکات کی نشاندہی دی اور بتایا کہ واقعے کے بعد جتنی تیزی سے الزام لگا اور اقدامات ہوئے اُس سے سب عیاں ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں بدلتی صورتحال پر بات کریں گے، پورے خطے کے امن کو خطرے کا سامنا ہے، یہ تناؤ بھارت نے پیدا کیا، پاکستان دہشت گردی کی ہرشکل کی مذمت کرتا ہے، کسی مفاد یا مقصد کیلئے دہشتگردی کو کوئی جواز نہیں۔

پورا خطہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کی وجہ سے خطرے میں ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم نے کہا کہ قرآن میں ہے ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہوتا ہے، ہم تو خود دہشت گردی سے بہت متاثر ہیں۔ پہلگام واقعے کے بعد تمام ممالک سے رابطے میں رہے، بھارت پاکستان اور دیگر ممالک میں دہشتگردی اور خونریزی پر خوشیاں مناتا ہے، دہشتگردی کی جنگ میں 150 ارب ڈالرز اور ہزاروں جانوں کا نقصان کرچکے ہیں۔ ہماری بہادر ایجنسیز اور شہریوں نے امن کیلئے قربانیاں دیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت مسلسل الزام تراشی کر رہا ہے، پہلی بار نہیں ہوا کہ بھارت نے یہ ہرزہ سرائی کی ہو، بھارت کشمیریوں کے حقوق، سیکیورٹی ناکامی سے توجہ ہٹانے کی ہمیشہ کوشش کرتا رہا ہے، بھارت دہائیوں سے ریاست دہشتگردی کر رہا ہے، اندرونی مسائل حل کرنے کے بجائے دوسرے ممالک پر انگلیاں اٹھاتا ہے، کشمیریوں پر مظالم کیلئے ڈریکولین قوانین لاگو کیے۔

Similar Posts