برازیل: لیڈی گاگا کے کنسرٹ میں بم دھماکے کا منصوبہ ناکام، 2 افراد گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read

جنوبی امریکی ملک برازیل کی پولیس نے امریکی پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا کے تاریخی کنسرٹ میں بم دھماکے کا منصوبہ ناکام بنا دیا، دو افراد گرفتار کرلیے گئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق برازیل کی پولیس نے معروف امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کے تاریخی کنسرٹ میں ایک بم حملے کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا ہے۔

لیڈی گاگا کا کنسرٹ ہفتہ کے روز برازیل کے شہر ریوڈی جینیرو میں کوپاکیبانا بیچ پر منعقد ہوا تھا جس میں 20 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’بم دھماکے کی یہ سازش نفرت انگیز تقاریر اور نوجوانوں میں بنیاد پرستی کو فروغ دینے والے ایک گروپ کی طرف سے ترتیب دی گئی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق مشتبہ افراد دھماکا خیز مواد اور کاک ٹیلز سے دھماکے کرنے کے لیے کنسرٹ میں شریک لوگوں کو استعمال کرنا چاہتے تھے۔

مشتبہ افراد نے سوشل میڈیا پر خود کو بطور گاگا گلوبل فین گروپ ’لٹل مونسٹرز‘ کے ارکان کے طور پر متعارف کرایا ہوا تھا۔

مشتبہ افراد کے خلاف وزارتِ سائبر آپریشن کی رپورٹ اور انٹیلی جنس اطلاع کے بعد کارروائی کی گئی، اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یہ کارروائی وزارت کی سائبر آپریشنز لیب کی ایک رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی جو ریو ریاستی پولیس کی انٹیلی جنس کی اطلاع کے بعد تیار کی گئی تھی۔

رپورٹ میں کوڈڈ زبان اور انتہا پسندی کی علامت کا استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں کے درمیان پرتشدد رویے کی حوصلہ افزائی کرنے والے ڈیجیٹل سیلز کو بے نقاب کیا تھا۔

پولیس نے مبینہ طورپر گروپ کے رہنما کو جنوبی ریاست ریو گرانڈے ڈو سل میں غیر قانونی آتشیں اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

تحقیقات کے سلسلے میں حکام نے ریو ڈی جنیرو، ماتو گروسو، ریو گرانڈے ڈو سل اور ساؤ پاؤلو کی ریاستوں میں ایک درجن سے زائد تلاشی اور ضبطی کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔

ریو سٹی ہال کے مطابق امریکی پاپ آئیکون کے کنسرٹ میں 21 لاکھ افراد نے شرکت کی۔

Similar Posts