وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ امریکا کے دوران امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کی تعریف کی اور فیلڈ مارشل کو پاکستان کی سرحدوں و مفادات کے دفاع کے لیے پختہ عزم کے اظہار پر خراج تحسین پیش کیا جبکہ پاور سیکٹر میں مالیاتی استحکام کی بحالی کے لیے ملک کی سب سے بڑے مالیاتی اسکیم کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اسلام آباد میں اجلاس ہوا، اس موقع پر وزیرِ اعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کی تعریف کی۔
وزیرِاعظم نے فیلڈ مارشل کو ملکی سرحدوں و مفادات کے دفاع کیلئے پختہ عزم کے اظہار پر خراج تحسین پیش کیا۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی اجلاس میں پاور سیکٹر میں مالیاتی استحکام کے لیے پاکستان کی سب سے بڑے مالیاتی اسکیم کی منظوری دی گئی، پاور سیکٹر کے لیے مالیاتی اسکیم کی منظوری سے گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے ملک کے توانائی کے شعبے کی اصلاحات میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا، اس اسکیم کا مقصد قومی بجٹ پر نیا مالی دباؤ ڈالے بغیر اگلے 6 سالوں میں 1,275 بلین روپے کے گردشی قرضے کو ختم کرنا ہے، اس اسکیم کے تحت پاور ہولڈنگ کمپنی کی 683 ارب روپے کی ری فنانسنگ کی جائے گی اور انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے بقایا جات کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ حکومت پاکستان کے پائیدار ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ ، مالیاتی بوجھ کو کم کرنے اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، یہ فیصلہ پاکستان کی معیشت اور بجلی کے شعبے کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے ملک کو مستحکم مستقبل کی طرف لے جانے میں مدد ملے گی۔
وفاقی کابینہ نے کمال الدین ٹیپو کو کمیشن برائے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز کا چیئرپرسن تعینات کرنے کی منظوری دی جبکہ نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹیڈ کو روش پاور پلانٹ کے حصول کے تناظر میں مختلف خدمات کی خریداری کے لیے پاکستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2002 کے سیکشن 21 کے تحت استثنٰی دینے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 21 مئی 2025 کو ہوئے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔
تمام تربیتی اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈٹیشن کروائی جائے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں وفاقی اور صوبائی پیشہ ورانہ اداروں میں دی جانے والی تربیت کو بین الاقومی معیار کا بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار تلاش کرنے میں آسانی ہو، بین الاقوامی معیار کی تربیت سے ہماری افرادی قوت کی بیرون ملک کھپت بڑھے گی اور زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا۔
وزیر اعظم نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے امور اور پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تمام تربیتی اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈٹیشن کروائی جائے۔
شہباز شریف کو پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے لئے گئے اقدامات پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیوٹیک نے وفاقی اور صوبائی تربیتی اداروں کی میپنگ کرلی ہے، نیوٹیک کے نیشنل ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم کا آغاز فعال ہو چکا ہے، پبلک سیکٹر کے تمام پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامزکو نیوٹیم کے سنگل ریگولیٹری فریم ورک کے تحت لایا جا رہا ہے اور نصاب کی اسٹینڈرڈائزیشن بھی کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیوٹیک کے زیر انتظام 2023-24 میں دی گئی ٹریننگ کے 53 فیصد افراد کو ملازمتیں مل چکی ہیں. یہ ڈیٹا تربیت کے چھ ماہ بعد حاصل کیا گیا تھا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت دانش اسکولوں اور یونیورسٹی کی تعمیر کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش اسکولوں اور دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا جبکہ اجلاس میں ملک کے مختلف شہروں میں دانش سکولوں کی تعمیر کے منصوبوں بارے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے دانش اسکولوں اور یونیورسٹی کے منصوبوں میں عالمی معیار سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو یکسان تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیحات مین شامل ہے، قوم کے ان بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
شہباز شریف نے تمام دانش اسکولوں میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اسمارٹ بورڈز، ای لائبریری اور دیگر جدید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے دانش اسکول اور یونیورسٹی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی بھی ہدایت کی۔