صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی صنعتوں کے حوالے سے اجلاس میں ملکی صنعتوں کی ترقی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ملکی صنعتوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملکی برآمدات میں صنعت مرکزی حیثیت رکھتی ہے، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لیے ملکی صنعتوں کی ترقی نا گزیر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملکی صنعتوں کو عالمی معیارکے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ غیر یقینی صنعتی پالیسیاں صنعتوں کے فروغ میں حائل رہی ہیں، ہم ایک مؤثر پالیسی کی بدولت صنعتی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ معاشی پالیسیاں ملکی صنعتوں کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صنعتی پیداوار میں اضافے اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے صنعتی پالیسی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملکی صنعتوں کی ترقی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مؤثر صنعتی پالیسی کے ذریعے ملک کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بحال کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے صنعتی پالیسی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے ملاقات کی، ملاقات میں سیکریٹری مذہبی امور سید عطا الرحمان بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے حج انتظامات پر وزیر مذہبی امور کی کارکردگی کی تعریف کی۔

شہباز شریف نے وزیر مذہبی امور کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے اعزازی شیلڈ دی، جدہ میں تعینات ڈائیریکٹر جنرل حج ملاقات میں بذریعہ ویڈیو لنک شریک تھے۔

Similar Posts