ہری پور کے علاقے خان پور میں ٹیکسلا کی رہائشی 26 سالہ ٹک ٹاکر سائرہ فیصل کے ساتھ مبینہ طور پر دو افراد نے اجتماعی زیادتی کی۔ پولیس کے مطابق واقعہ خان پور روڈ پر پیش آیا جہاں ملزمان نے متاثرہ لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا اور چلتی گاڑی میں گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ملزمان سے رابطہ ہوا، جنہوں نے اسے ملازمت کی پیشکش کرتے ہوئے ملاقات کے لیے بلایا۔
سائرہ فیصل کے مطابق وہ ٹیکسلا سے گاڑی میں سوار ہو کر خان پور کے لیے روانہ ہوئی جہاں راستے میں ملزمان نجیب خان اور فیضان نے اسے زبردستی گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
حافظ آباد: خاتون سے اجتماعی زیادتی کا ایک اور ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان نے اس کا موبائل فون، زیورات اور نقد رقم بھی چھین لی اور اسے ایک نامعلوم مقام پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
پولیس نے خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ تاہم، تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔