محکمہ موسمیات نے 25 جون سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، جو 2 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، ملاکنڈ، بونیر، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اسی طرح 25 سے 28 جون کے دوران بلوچستان کے اضلاع ژوب، بارکھان، کوئٹہ، مستونگ اور زیارت میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادھر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 25 سے 28 جون تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ 26 سے 28 جون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جس کے باعث مقامی آبادی اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے نشیبی علاقوں میں ممکنہ طور پر پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
علاوہ ازیں آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم بدستور گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہے گا، تاہم دیر، سوات، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں بھی علی الصبح بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔وفاقی دارالحکومت میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ مزید بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں راولپنڈی نالہ لئی میں بھی رین الرٹ جاری کردیا گیا۔
پنجاب اور سندھ میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان میں گرد آلود آندھی چلنے کی پیشگوئی کی ہے۔
کراچی والے ہوجائیں تیار! 27 جون سے بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی
بلوچستان کے بیشتر علاقے بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو مقامی درجہ حرارت میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔