کراچی میں خاتون کو قتل کے بعد خاموشی سے دفنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی، پولیس نے افغان کیمپ سے خاتون کے باپ کو گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے گلشن معمار تھانے میں افغان بستی افغان چوک کے قریب گھر سے ایک خاتون کی لاش ملی، جسے بدترین تشدد کانشانہ قتل کیا گیا، مقتولہ خاتون کو قتل کرنے کے بعد خاموشی سے دفنانے کی کوشش کی جارہی تھی کہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کی تدفین کے عمل کو رکوادیا۔
ایس ایچ اوگلشن معمارانسپکٹرغفار کورائی کے مطابق مقتولہ خاتون کی شناخت 17 سالہ آرام بی بی زوجہ محمد افغانی کے نام سے کی گئی، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ خاتون کے والد یاسین کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ شوہر، والد یاسین اور دیگر ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنا کرآرام بی بی کو قتل کیا ہے، مقتولہ کے ورثا خاموشی سے اسکی تدفین کرنے والے تھے۔ ورثا نے قبر بھی تیار کروالی تھی کہ پولیس نے تدفین کا عمل ناکام بناتے ہوئے لاش تحویل میں لے لی۔
پولیس نے آرام بی بی کے والد کو گرفتار کرلیا ہے مقتولہ کا شوہر محمد افغانی اور دیگر ملزمان فرار ہوگئے، ایس ایچ اونے بتایا کہ مقتولہ خاتون آرام بی بی کے جسم پرتشدد کے واضح نشانات ہیں، لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی اسپتال منتقل کردی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ معلوم ہوا ہے کہ آرام بی بی کی کم عمری میں شادی کروادی گئی تھی، مقتولہ آرام بی بی ایک بچی کی ماں تھی، انہوں نے بتایا کہ خاتون کا قتل گھریلوتنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، مقتولہ خاتون کا اسپتال میں پوسٹ مارٹم جاری ہے، پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد مقدمہ درج کرکے باقاعدہ تفتیش کی جائے گی تاکہ حتمی وجہ قتل معلوم ہوسکے۔