ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد عالمی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی

0 minutes, 0 seconds Read

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے، جب کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان سامنے آیا ہے۔ سرمایہ کاروں میں اعتماد کی بحالی کے باعث عالمی منڈیوں میں مثبت رجحان غالب رہا۔

امریکا کی اسٹاک مارکیٹس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں ایک فیصد، نیسڈیک میں 0.9 فیصد اور ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج میں 0.89 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سرمایہ کاروں نے جنگ کے خاتمے کو معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیا، جس سے مارکیٹوں میں بحالی کی فضا قائم ہوئی۔

ایشیا کی مارکیٹس نے بھی مثبت رجحان اختیار کیا۔ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 2 فیصد بڑھ گیا، چین کا شنگھائی انڈیکس 1 فیصد اوپر آیا، جاپان کا نکی 225 انڈیکس میں بھی 1 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ انڈونیشیا کا آئی ڈی ایکس کمپوزٹ انڈیکس 1.6 فیصد بڑھ گیا۔

دوسری جانب، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت 2 ڈالر کمی کے بعد 66.48 ڈالر فی بیرل پر آگئی، جب کہ لندن برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریباً 3 فیصد کی کمی کے ساتھ 69.48 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

ماہرین کے مطابق ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد خطے میں استحکام کی امید نے سرمایہ کاروں کو پر اعتماد کیا ہے، جس سے نہ صرف اسٹاک مارکیٹس میں بہتری آئی ہے بلکہ تیل کی ترسیل میں رکاوٹوں کے خدشات بھی کم ہوگئے ہیں۔ اگر جنگ بندی مستقل رہی تو آئندہ دنوں میں عالمی معیشت میں مزید بہتری کے آثار پیدا ہو سکتے ہیں۔

Similar Posts