بنوں: نرس کی خودکشی کا معاملہ، عدالت کا قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا حکم

0 minutes, 0 seconds Read

خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں کی نرس الفت کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ مقامی عدالت نے نرس کی موت کے اصل اسباب جاننے کے لیے قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا ہے۔

عدالتی حکم کے مطابق قبر کشائی 26 جون 2025 کو دوپہر 12 بجے کی جائے گی۔ عدالت نے ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی تجربہ کار لیڈی ہیلتھ آفیسر کو دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے نامزد کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ تحقیقات میں مکمل شفافیت اور مہارت کو یقینی بنایا جا سکے۔

مدعی وکیل سیف اللہ ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ازسرِنو میڈیکل جانچ ناگزیر ہو چکی ہے، کیونکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر سے کوئی تفصیلی تفتیش نہیں کی گئی تھی۔

عدالت نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بنوں ڈویژن کو قبر کشائی کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل: ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

عدالتی حکم میں واضح کیا گیا ہے کہ قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مقصد حقائق کو سامنے لا کر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنا ہے۔

یاد رہے کہ نرس الفت نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ہسپتال کے ایک ملازم پر الزام ہے کہ وہ نرس کو ہراساں کر رہا تھا جس سے تنگ آکر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

Similar Posts