وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات، بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کرنے پر سفارتی وفد کو خراج تحسین

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، جس میں امریکا اور یورپ میں سفارتی وفد کی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے وفد کو بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سفارتی وفد کے سربراہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے سفارتی وفد کی امریکا اور یورپ میں ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیرِاعظم نے وفد کی جانب سے حالیہ بھارتی پروپیگنڈا کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور امریکا، برطانیہ اور یورپ کے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو زرداری سمیت وفد کے دیگر ارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے سفارتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا جبکہ عشائیے میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ،احد خان چیمہ، چوہدری سالک حسین، عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، معاون خصوصی طلحہ برکی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

اس موقع پر سفارتی وفد کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور اور بہترین ترجمانی پر آپ سب کو مبارک پیش کرتا ہوں، آپ نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیاب ہوکر لوٹے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شیری رحمان، ڈاکٹر مصدق ملک، حنا ربانی کھر، سینیٹر بشری انجم بٹ، سینیٹر فیصل سبزواری ،انجینئر خرم دستگیر اورجلیل عباس جیلانی اورتہمینہ جنجوعہ پر مشتمل وفد نے امریکا، یو کے اور یورپ میں پاکستان کے مؤقف کی قومی جذبے سے ترجمانی کی، پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں اس کا اعتراف ہورہا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہایت احسن انداز میں پاکستان کے موقف کو بیان کیا، وفد نے پہلگام سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کو صحیح تناظر اور احسن انداز میں پیش کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم، قوم کی دعاؤں اور ہماری بہادر مسلح افواج کی عسکری مہارت سے بھارت کو اپنے بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت اُٹھانا پڑی۔

بجٹ پر گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ 2025-26 میں تنخواہ داروں سمیت سب طبقات کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے، بجٹ سازی میں تمام اتحادی جماعتوں بشمول پاکستان پیپلز پارٹی کے تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ آپ سب کی راہنمائی، تعاون اور تجاویز سے ہم داخلی اور خارجی چیلنجز میں سرخرو ہوں گے۔ انشاء اللہ،۔

Similar Posts