2025ء کے اہم ترین واقعات، سانحات، حادثات ( جولائی ، اگست)

جولائی

یکم جولائی

 خلیجی ممالک کے لیے فیری سروس

 پاکستان کی وزارت بحری امور کی جانب سے گوادر کی بندرگاہ پر نئی شپنگ لائنیں قائم کرنے اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے لیے فیری سروس متعارف کروانے کے ایک جامع منصوبے کا اعلان کیا گیا۔ یہ اقدام پاکستان کی سمندری تجارت بڑھانے اور گوادر کو بحیرہ عرب میں ایک بڑے ٹرانس شپمنٹ اور لاجسٹک مرکز کے طور پر ترقی دینے کی وسیع حکمت عملی کا بھی حصہ ہے۔

بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود

حکومت پنجاب نے بزرگ شہریوں کے لیے ایک جامع فلاحی قانون کی تشکیل کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے ’’پنجاب سنیئر سٹیزنز ویلفیئر ایکٹ 2025 ء‘‘ کا مسودہ پنجاب اسمبلی میں پیش کردیا۔ پہلی بار 70 سال اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے حقوق پر مبنی فلاحی ڈھانچا، خودمختار کونسل اور فلاحی فنڈ قائم کیا جائے گا۔

2 جولائی

تنخواہ دار طبقے کا تاریخی ٹیکس

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال 2024-25ء کے دوران تنخواہ دار طبقے سے 545 ارب روپے کی تاریخی رقم انکم ٹیکس کی مد میں وصول کی، اس طرح وہ براہ راست ٹیکسوں کے لحاظ سے دیگر تمام شعبوں کے مقابلے میں میں سب سے زیادہ حصہ ڈالنے والا بن گیا۔ برآمد کنندگان نے صرف 180ارب اور تاجروں نے62ارب روپے کی ادائی کی۔ صرف تنخواہ دار طبقے کی انکم ٹیکس میں شراکت برآمد کنندگان سے 300 فی صد اور سیاسی طور پر بااثر تاجروں سے 500 فیصد زیادہ رہی۔

ایران آبنائے ہرمز کو اڑانے کے لیے تیار تھا

 امریکی انٹیلی جنس ذرائع نے انکشاف کیا کہ ایرانی مسلح افواج نے گزشتہ ماہ خلیج فارس میں اپنے بحری جہازوں پر نیول مائنز (بحری بارودی سرنگیں) لوڈ کیں، جن کا مقصد بظاہر ممکنہ کشیدگی کی صورت میں آبنائے ہرمز کو اڑانے کی تیاری ہو سکتا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ اقدام کسی ممکنہ فوجی یا سیاسی بحران پر فوری ردعمل کے لیے ایران کی دفاعی حکمت عملی تھی۔

3 جولائی

روس نے افغانستان کو تسلیم کرلیا

 روس نے اسلامی امارات افغانستان کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا۔ روسی فیڈریشن کے سفیر دمتری ژرنوف نے اسلامی امارات افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران روسی فیڈریشن کے سفیر نے باضابطہ طور پر اپنی حکومت کے اسلامی امارات افغانستان کو تسلیم کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

کیش لیس معیشت

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو تمام اہداف دگنا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل ٹرانزیکشن سسٹم ناگزیر ہے، شہریوں اور کاروباری اداروں کے درمیان ادائیگیوں کو آسان بنانا اور ڈیجیٹل سسٹم کے استعمال سے متعلق آگاہی بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیش لیس اکانومی کے حوالے سے قائم کمیٹیاں تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر قابل عمل تجاویز پیش کریں۔

4 جولائی

امریکی تاریخ کا سب سے بڑا میڈیکل فراڈ

 امریکا کی وفاقی حکومت اور 12 امریکی ریاستوں کی حکومتوں کے تحقیقاتی اداروں کی مشترکہ تحقیقات کے نتیجے میں امریکی تاریخ کا سب سے بڑا ہیلتھ کیئر فراڈ سامنے آگیا۔ 14.6 ارب ڈالرز (41 کھرب 43 ارب روپے) کے غلط بل اور مریضوں کو میڈیکل سروسز کی عدم فراہمی یا غلط فراہمی کے الزامات کے تحت 324 افراد کے خلاف مقدمات بھی دائر کردیے گئے۔ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات عدالتی کارروائی کے کاغذات اور الزامات کے ساتھ شائع کردہ فہرست میں بھارت، پاکستان اور دیگر ایشیائی نژاد ڈاکٹروں کے ناموں کی ایک خاصی بڑی فہرست بھی شامل ہے۔

پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 22 فی صد

پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 22 فیصد ہوگئی۔ 2 کروڑ نوجوان بے روزگار، مردوں کی شرح 30 فی صد، خواتین میں 18 فی صد۔ یہ انکشاف سابق وزیرخزانہ اور معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر حفیظ اے پاشا نے کیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ساتویں مردم و ہاؤسنگ شماری 2023 ء (جو پہلی بار ڈیجیٹل طریقے سے کی گئی) نے بے روزگاری کے حوالے سے خطرناک اعداد و شمار ظاہر کیے ہیں۔ دوسری جانب وزارتِ منصوبہ بندی نے ان اعداد و شمار کو چیلنج کیا ہے۔

بیوروکریسی کے اثاثے

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سول سرونٹس ترمیمی ایکٹ 1973 ء کی منظوری کے بعد اس پر عمل درآمد کے لیے با ضابطہ آفس میمورنڈم جاری کردیا جس کے تحت اب سول سرونٹس کے اثاثے بھی پبلک کیے جاسکیں گے۔ تمام افسران اپنے، اپنی اہلیہ اور زیرکفالت بچوں کے اثاثے اور واجبات بشمول ملکی و غیر ملکی ڈیکلئر کریں گے۔

پاکستان، پانی کی شدید قلت

 چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں پانی کا بحران تیزی سے سنگین ہورہا ہے۔ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے کوئی موثرنظام یا نیٹ ورک موجود نہیں۔ پاکستان رواں سال پانی کی شدید قلت کا شکار دنیا کا پندرہواں ملک بن جائے گا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے اعتراف کیا کہ بارشوں اور سیلاب کے خطرات کی نشان دہی تو کی گئی ہے لیکن پانی ذخیرہ کرنے کے لیے کوئی موثرنظام یا نیٹ ورک موجود نہیں۔

5 جولائی

 غیرقانونی رکھے گئے شیر

پنجاب بھر میں غیرقانونی طور پر رکھے گئے شیروں اور دیگر خطرناک جانوروں کے خلاف ایک بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر پنجاب وائلڈ لائف رینجرز نے صوبہ بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کارروائی کرتے ہوئے 18 شیر بازیاب کر لیے اور مختلف شہروں سے 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ وائلڈ لائف رینجرز کے مطابق پنجاب میں اس وقت 587 ’’بِگ کیٹس‘‘ موجود تاہم حکام کا خیال ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی کیوںکہ بہت سے جانور غیرقانونی طور پر شہری یا دیہی علاقوں میں پالے جا رہے۔

وفاقی حکومت کے قرضے

پاکستان کی مرکزی حکومت کے قرضے ریکارڈ 76ہزار45 ارب روپے، نئی بلند ترین سطح پر ہوگئے۔ مئی 2025 ء تک کے ایک سال کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں آٹھ ہزار تین سو بارہ ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مئی تک کا ڈیٹا جاری کردیا۔

چلاس میں گرمی کا نیا ریکارڈ

 گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں درجۂ حرارت نے نئی انتہا کو چھو لیا، جب پارہ 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جو 17 جولائی 1997 ء کو ریکارڈ کیے گئے تاریخی درجۂ حرارت 47.7 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی لہر پاکستان میں بڑھتے موسمیاتی تغیرات کی واضح مثال ہے جو ماحول، انسانی صحت، زراعت اور قومی آفات سے نمٹنے کے نظام پر گہرے منفی اثرات ڈال رہی ہے۔

سندھ میں محنت کشوں کی کم از کم اجرت

 صوبہ سندھ میں اعلیٰ ہنرمند افراد کی کم از کم اجرت 50ہزار 868روپے ماہانہ مقرر کردی گئی۔ محکمۂ اطلاعات کے اعلامیے کے مطابق کم از کم اجرتی بورڈ سندھ نے غیرہنر مند محنت کشوں کی کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے، نیم ہنرمند کی کم از کم ماہانہ اجرت 41,280روپے ، ہنرمند کی کم از کم ماہانہ اجرت 48,910روپے اور اعلیٰ ترین ہنر مند محنت کشوں کی کم از کم ماہانہ اجرت 50,868 روپے مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔ مذکورہ اجرتیں یکم جولائی 2025 ء سے نافذ العمل ہوں گی۔

6جولائی

فرانس: اسلاموفوبیا میں خطرناک حد تک اضافہ

فرانس میں مسلمانوں کے خلاف پُرتشدد واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے جس کا براہ راست تعلق فرانسیسی حکومت کی اسلام مخالف پالیسیوں اور بیانیے سے جوڑا جا رہا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے متعارف کردہ تصّور اور 2021 ء میں منظور شدہ ’’انسداد علیحدگی پسندی قانون‘‘ کے تحت اب تک 700سے زائد مسلم ادارے بند کیے جا چکے اور 46 ملین یورو کی املاک ضبط ہوچکی۔

7 جولائی

 بھارتی مہم جوئی کا سخت جواب

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت آپریشن سیندور میں فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا، کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بغیر کسی ہچکچاہٹ کے منہ توڑ، شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔ خالص دوطرفہ فوجی تصادم میں دیگر ملکوں کو ملوث کرنے کا دعویٰ بھارت کا ناقص سیاسی حربہ ہے، حقیقت یہ ہے کہ خطے کے ممالک بھارت کی جارحانہ اور ہندوتوا نظریے سے تنگ آ چکے۔

ایران کاجی پی ایس نیویگیشن سسٹم پر انحصار ختم

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران امریکی سیٹلائٹ پر مشتمل عالمی پوزیشنگ و نیویگیشن نظام جی پی ایس (GPS) پر انحصار مکمل طور پر ختم کر کے برائے سول و ملٹری مقاصد کی تکمیل چین کا عالمی نیویگیشن سسٹم بیڈو (BeiDou) استعمال کرنے لگا ہے۔ یوں پاکستان کے بعد ایران طاقت ور چینی پوزیشنگ نظام سے بھرپور عسکری فائدہ اٹھاتا دوسرا ملک بن گیا۔

8 جولائی

 5 لاکھ ٹن چینی درآمد

وفاقی کابینہ نے نیشنل فوڈ سیکیوریٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کی سمری پر پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ چینی کی قیمت میں توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

9 جولائی

 ورچوئل اثاثہ جات ایکٹ 2025ء

صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی سفارش پر ورچوئل اثاثہ جات ایکٹ 2025ء کی منظوری دے دی۔ یہ قانون پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا اعلان کرتا ہے۔ اتھارٹی کو ورچوئل اثاثہ جات سے متعلق اداروں کو لائسنس جاری کرنے کا اختیار ہوگا۔

طلبہ کے قتل عام کا حکم شیخ حسینہ واجد نے دیا

برطانوی نشریاتی ادارے، بی بی سی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ گذشتہ سال بنگلادیش میں طلبہ مظاہرین کے خلاف خوںریز کریک ڈاؤن کا حکم سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے خود دیا تھا۔ یہ انکشاف ایک لیک شدہ آڈیو کے ذریعے ہوا ہے، جس کی بی بی سی نے تصدیق کی ہے۔

10 جولائی

 بھارت کا فتنہ الخوارج

کور کمانڈرز کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمارے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا‘ پاکستان کے عوام کا تحفظ اور سلامتی مسلح افواج کی اولین ترجیح ہے۔ فورم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارتی حمایت یافتہ اور اسپانسرڈ پراکسیز کے خلاف ہر سطح پر فیصلہ کن اور ہمہ گیر اقدامات ناگزیر ہیں۔ پہلگام واقعہ میں واضح شکست کے بعد بھارت اب فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی پراکسیز کے ذریعے اپنے مذموم ایجنڈے کو مزید بڑھانے کی کوشش کر رہا۔ طاقت کے استعمال کا بڑھتا عالمی رجحان پاکستان کے لیے نہ صرف خودانحصاری کی صلاحیتوں کو بڑھانے بلکہ قومی اتحاد اور عزم مزید مضبوط بنانے کا متقاضی ہے۔

پاکستانی ووٹرز کی تعداد

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں ووٹرز کی تازہ ترین تفصیلات جاری کردیں۔ ملک بھر میں ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 44 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ مرد ووٹرز 7 کروڑ 21 لاکھ اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 23 لاکھ ہے، ووٹنگ لسٹ میں مردوں کا تناسب 53.65 فی صد اور خواتین کا تناسب 46.35 فیصد ہے۔ اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 7 ہزار، پنجاب میں 7 کروڑ 65 لاکھ ، سندھ میں 2 کروڑ 81 لاکھ ، بلوچستان میں 56 لاکھ 13 ہزار سے زائد اور خیبر پختونخوا میں ووٹرز دو کروڑ 28 لاکھ 74 ہزار ہوگئے۔

11 جولائی

بٹ کوائن ذخائر قائم

پاکستان میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک اہم اور انقلابی قدم اٹھایا گیا جس کے تحت ملک میں بٹ کوائن ذخائر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیویارک کے آزاد میڈیا پلیٹ فارم، کوائن ٹیلی گراف میگزین نے پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک مالی استحکام کی طرف سنگ میل قرار دیا۔

15 سرکاری ادارے، 59 کھرب خسارہ

وزارت خزانہ کی جاری ششماہی رپورٹ، پاکستان کے 15 سے زائد سرکاری اداروں (SOEs) کے مجموعی نقصانات59 کھرب روپے سے تجاوز کرگئے جب کہ پنشن واجبات بھی 17کھرب روپے تک جاپہنچے۔ این ایچ اے کا مجموعی خسارہ 1953‘ کیسکو770.6‘پیسکو کا684.9 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ منافع بخش اداروں میں جی ڈی سی ایل‘ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ سرفہرست رہے۔ گذشتہ 6ماہ کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مالی کارکردگی قابل تشویش اور نقصانات بڑھنے کا رجحان برقرا رہا۔ سرکاری اداروں کے گردشی قرضے بھی 49 کھرب روپے تک پہنچ چکے، جن میں سے صرف بجلی کے شعبے کا حصہ24کھرب روپے ہے۔

پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی

 پاکستان اور روس کے درمیان پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے معاہدہ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کا کہنا ہے کہ معاہدہ پاکستان اسٹیل ملز کی ترقی اور صنعتی مستقبل کے لیے سنگ میل ہے۔

آمدن کی بلندترین سطح

پاکستان ریلوے نے اپنی 78سالہ تاریخ میں مالی سال 25-2024 کے اختتام پر پسنجر، فریٹ اور دیگر شعبوں میں آمدن کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے اور ایک سال کے دوران مجموعی طورپر 93ارب روپے سے زائد کی آمدن حاصل کی۔

12 جولائی

 26 ممالک میں 86 صحافی قتل

جنیوا میں قائم ادارے پریس ایمبلم کیمپین کی رپورٹ کے مطابق سال 2025 ء کے پہلے چھے ماہ کے دوران دنیا کے 26 ممالک میں کم از کم 86 صحافی اور میڈیا ورکرز قتل کیے گئے، جو گذشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 16 فی صد اضافہ ہے۔ پاکستان سے تین صحافیوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جب کہ اسی عرصے کے دوران بھارت میں 4 صحافیوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ صحافیوں کی ہلاکتوں میں اس اضافے کی بڑی وجہ غزہ میں جاری جنگ بنی، جہاں جنوری سے اب تک اسرائیلی افواج کے ہاتھوں کم از کم 31 فلسطینی صحافی مارے گئے۔ PEC کے صدر بلیز لمپن نے کہا ’’یہ ایک بے مثال پیمانے پر قتلِ عام ہے۔‘‘

13جولائی

ہزارہا سرکاری افسروں کی اسکروٹنی

سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے کابینہ کی سب کمیٹی کی سفارش پر گریڈ 16اوراس سے اوپر کے ہزاروں افسروں کی ملازمت کی ریگولرائزیشن کی اسکروٹنی اور جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا۔ اس مشق سے 2012ء اور2013 ء میں خورشید شاہ کمیٹی کی سفارش پر ریگولر کیے گئے سیکڑوں افسران کا مستقبل بے یقینی اور خطرے سے دو چار ہوگیا کہ وہ ایف پی ایس سی کی اسکروٹنی سے مشروط ہے۔ سپر یم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے اب تک 14وزارتوں اور وفاقی محکموں نے ایسے 897 کیسز وفاقی پبلک سروس کمیشن کو بھجوا دیے ہیں تاہم ذرائع کے مطابق بہت سی وزارتیں سیا سی دباؤ کی وجہ سے کیسز ایف پی ایس سی کو بھجوانے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہیں اور انہوں نے کیسز ابھی تک نہیں بھجوائے جو سپریم کورٹ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی حکم عدولی ہے۔

14 جولائی

غریب پر ٹیکس کم کرنا اولین ترجیح

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آسان اور قومی زبان اردو میں ٹیکس گوشوارے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انہیں بھرنے کے عمل میں مدد کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے۔ ڈیجیٹل انوائسنگ کا بھی اردو میں اجرا اور ٹیکس اصلاحات میں عام آدمی کی سہولت پر توجہ مرکوز کی جائے۔ ایف بی آر کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

پاکستانی بغیر آرگنائزر گروپ عراق نہیں جاسکتے

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے مطابق یکم جنوری 2026 ء کے بعد پاکستانی زائرین انفرادی طور پر عراق نہیں جا سکیں گے۔ زائرین گروپ آرگنائزرز کے تحت ہی عراق جاسکیں گے۔ زائرین گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ آرگنائزرز عراق جانے والے زائرین کی وطن واپسی کے ذمہ دار ہوں گے۔ صرف وہی لوگ انفرادی طور پر عراق جاسکیں گے جنہیں سفارت خانہ خصوصی ویزا جاری کرے گا، گروپ آرگنائزرز کے سسٹم سے غیرقانونی عراق جانے والوں اور زائد قیام کے رجحان کا خاتمہ ہوگا۔

ایف سی کو ملک بھر میں کام کرنے کا اختیار

 ایف سی کو ملک بھر میں کام کرنیکا اختیار مل گیا، فیڈرل فورس میں تبدیل، آرڈیننس جاری کردیا گیا، صدارتی آرڈیننس کے تحت وفاقی حکومت کو فرنٹیئر کانسٹیبلری کو وفاقی کانسٹیبلری میں تبدیل کرنے کے اختیارات حاصل ہوگئے تاکہ ملک بھر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ سربراہی انسپکٹر جنرل کرے گا۔ ریزرو فورس کے طور پر استعمال ہوگی۔

نقصان دہ مواد تک رسائی

 بچوں کی انٹرنیٹ پر نقصان دہ مواد تک رسائی روکنے کے لیے5 یورپی ممالک نے ایپ متعارف کرادی۔ ڈنمارک، فرانس، اٹلی، یونان اور اسپین اپنی قومی ضروریات کے مطابق ڈھال کرایپ کو مقامی سطح پر لانچ کریں گے۔

15 جولائی

چالیس ہزار پاکستانی زائرین غائب

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے انکشاف کیا کہ 40 ہزار زائرین عراق شام ایران جاکر کہاں غائب ہوگئے، معلوم نہیں۔ حکومت پاکستان کے پاس ریکارڈ دست یاب نہیں، عراق، ایران شام نے بھی پاکستان سے یہ مسئلہ اٹھایا تھا، اب حکومت نے زائرین کو منظم کرنے کے لیے ایک نیا کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف کرایا ہے۔

16 جولائی

اچھے نتائج پر شاباش، کوتاہی پر کارروائی

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے معاشی ترقی کے لیے حکومت تمام تر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ اب ہر وزارت کی کارکردگی ہر دو ماہ بعد باقاعدگی سے جانچی جائے گی۔ جہاں اچھی کارکردگی پر وزارتوں کو شاباش دی جائے گی، وہیں کوتاہی یا غفلت پر تادیبی کارروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا،

16 جولائی

 پی آئی اے پر برطانوی پابندیاں ختم

برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر طویل عرصے سے عائد پابندیاں ختم کردیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ پاکستانی ایئرلائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کی درخواست دے سکتی ہیں۔

17 جولائی

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا خاتمہ

حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے تمام آپریشنز رواں ماہ 31 جولائی تک بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیرخزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں تفصیلات پیش کردی گئیں۔

افغان قیادت سے ملاقاتیں

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کی کابل آمد، افغانستان کے وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند، وزیرخارجہ امیرخان متقی اور قائم مقام وزیرداخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقاتیں۔ امن وسلامتی، سرحدی امور، تجارت اور ٹرانزٹ تعاون اور علاقائی رابطہ کاری سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال۔ خطے کے ممالک کو درپیش خطرات کے خاتمے کی اہمیت پر زور۔ فریقین نے مشترکہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطوں کو برقرار رکھنے اور سیکیوریٹی تعاون کے فروغ پراتفاق کیا۔

پاکستان کی ترقی زرعی شعبے سے مشروط

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ درمیانے اور چھوٹے پیمانے کی زرعی سرگرمیوں کے لیے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل پیش کیا جائے۔ 12 ایکڑ سے کم زمین والے کسانوں کو جدید زرعی سہولیات کی فراہمی اولیّن ترجیح ہونی چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی زرعی شعبے اور کسانوں کی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن سے مشروط ہے۔ پاکستان کے زرعی شعبے میں ترقی کے لیے چھوٹے کسانوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ کسانوں کو جدید زرعی آلات، مصنوعی ذہانت اور معیاری بیج خریدنے کے لیے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کا لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

18 جولائی

 ملکی معیشت کے لیے اچھی خبریں

مالی سال 2024-25ء میں کرنٹ اکاؤنٹ14سال بعد 2.1ارب ڈالر سرپلس اور 22 سال کی بلندترین سطح پر پہنچ گیا۔ آئی ٹی برآمدات 3ارب 80کروڑ ڈالر اور ٹیکسٹائل برآمدات 17ارب 90کروڑ ڈالر ہوگئیں۔ غیرملکی سرمایہ کاری (FDI) میں 5 فی صد اضافہ ہوا اور یہ 2 ارب 50 کروڑ ڈالر رہی۔ ترسیلات زر میں تاریخی 27 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا اور وہ 38 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں۔ وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک نے معیشت کے بیرونی شعبے کی اہم پیش رفت کا اعلامیہ جاری کردیا۔

بنگلادیشی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بنگلادیشی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو بزنس سینٹرز کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔ پنجاب بنگلادیش کو 50 ہزار ٹن اعلیٰ معیار کا چاول برآمد کرچکا۔

19 جولائی

بھارت کے 5 طیارے گرے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ جھڑپوں میں پانچ لڑاکا طیارے مار گرائے گئے۔ ٹرمپ نے یہ بات وائٹ ہاؤس میں ریپبلکن قانون سازوں کے عشائیے کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ صورت حال سنگین ہوتی جا رہی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑنے کا خدشہ تھا لیکن میں نے یہ جنگ رکوا دی۔

20 جولائی

 یو ایس ایڈ پروگرام جزوی بحال

 امریکا نے پاکستان میں یو ایس ایڈ کو جزوی طور پر بحال کردیا اور یو ایس ایڈ کے دو پروگراموں کے فنڈ فراہم کردیئے گئے‘ مزید پروگراموں کی بحالی کا بھی امکان ہے۔

 پسند کی شادی، بلوچ جوڑا سرعام قتل

 سوشل میڈیا پر مرد و خاتون کے بہیمانہ قتل کی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات اور ملوث تمام ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایسی سفاکانہ حرکات نہ صرف ناقابل برداشت ہیں بلکہ یہ معاشرتی اقدار اور انسانی وقار کی سنگین توہین بھی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی عمل داری کو چیلینج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

20 جولائی

 چینی میگاڈیم پر انڈیا میں کھلبلی

تبت میں چین کے میگا ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے پر بھارت میں کھلبلی مچ گئی۔ بھارت کو خدشہ ہے کہ چین تبت میں زیرِتعمیر ڈیم کا پانی بطور ہتھیار استعمال کرے گا۔ تبت میں زیرتعمیرڈیم پر 1 سو 67 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ یہ 3 سو ارب کلو واٹ آور سالانہ بجلی پیدا کرے گا۔ دریائے یرلنگ سنپور پر قائم یہ دنیا کی سب سے بڑی ہائیڈرو الیکٹرک تنصیب ہو گی۔ ڈاؤن اسٹریم میں تبت سے سے پانی دریائے برہم پترا میں تبدل ہو کر بھارت اور بنگلادیش جاتا ہے۔ بھارت اور بنگلادیش میں آبادی کو پانی کی قلت اور ماحولیاتی اثرات کے خدشات درپیش ہیں۔

21 جولائی

 پی پی پی سب سے بڑی پارٹی

 خیبر پختونخوا میں پیر کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے بعد ایوان بالا میں پیپلزپارٹی نشستوں کے اعتبار سے سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔ اس کے سینیٹرز کی تعداد 26 ہوگئی۔ حکم راں اتحاد سینیٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے قریب آگیا۔ ایوان بالا میں حکم راں اتحاد کے سینیٹرز کی تعداد 61 جب کہ اپوزیشن کے سینیٹر کی تعداد 34ہوگئی۔

غزہ میں جنگ فوراً ختم

 برطانیہ اور اس کے 24 مغربی اتحادی ممالک نے جن میں آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس اور اٹلی شامل ہیں ، مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ فوراً ختم ہونی چاہیے کیوںکہ عام شہریوں کی تکلیف خطرناک حدوں کو چھو چکی۔ ان ممالک نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فوری طور پر امدادی سامان کی ترسیل پر سے پابندیاں ہٹائے اور اقوامِ متحدہ و دیگر انسانی فلاحی تنظیموں کو محفوظ اور موثر انداز میں کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

22 جولائی

پی ٹی آئی راہ نماؤں کو سزا

 لاہور اور سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9مئی کے پُر تشدد احتجاج، جلاؤ گھیراؤ، سمیت دیگر سنگین مقدمات میں پی ٹی آئی کے راہ نماؤں یاسمین راشد، محمودالرشید، اعجاز چوہدری، سرفراز چیمہ، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد بھچر سمیت 44 ملزمان کو 10,10 سال قید کی سزا سنا دی، جب کہ شاہ محمود قریشی، حمزہ عظیم سمیت 6 ملزمان کو بری کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے انسداد دہشت گردی عدالتوں کا فیصلہ اعلٰی عدالتوں میں چیلینج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ 9مئی واقعات کی مذمت کی۔

غزہ میں مظالم انسانیت کی توہین

بیلجیئم کے بادشاہ فلپ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی طرف سے غزہ کے ناقابل برداشت بحران کو فوری طور پر ختم کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بے گناہ لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور اپنے علاقے میں بموں سے مارے جا رہے ہیں۔ غزہ میں ہونے والے مظالم ’’انسانیت کی توہین‘‘ ہیں۔

23 جولائی

پاک افغان ترجیحی تجارتی معاہدہ

پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے ( پی ٹی اے) کے پہلے مرحلے میں 14اگست سے انگور اڈہ کراسنگ پوائنٹ کھولنے‘ افغانستان میں مشترکہ سرمایہ کاری پروجیکٹ‘ صنعتی پارک اور اکنامک زونز کے قیام سمیت اہم منصوبوں پر اتفاق ہوگیا۔

24 جولائی

کھانے کے تیل کا بڑا اسکینڈل

 عالمی مارکیٹ میں کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 24 فی صد کمی، پاکستان میں الٹا 4.5 فی صد بڑھ گئیں۔ صارفین فی لیٹر 150روپے اضافی قیمت پر مجبور، براہِ راست فائدہ منافع خور مافیا کو ہورہا ہے۔ پاکستان ملائیشیا و انڈونیشیا سے رعایتی ڈیوٹی پر آئل درآمد کرتا ہے لیکن فائدہ عوام تک پہنچنے نہیں دیا گیا۔

 پلاٹس کی آن لائن تصدیق

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان بھر میں پراپرٹی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں ہونے والے فراڈ کی روک تھام اور شفاف خرید و فروخت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جدید ترین آن لائن نظام تیار کرلیا۔ سسٹم سے فراڈ، جعلسازی کا خاتمہ ممکن ہوجائے گا۔ پورے پاکستان کے پلاٹس کا ریکارڈ ڈیجیٹل پورٹل پر ہوگا۔ پلاٹ یا سوسائٹی کی قانونی حیثیت، این او سی، نقشہ، مالکان کی تفصیلات، تصدیق شدہ رپورٹ خریدوفروخت کے لیے نظام استعمال ہوگا۔

25 جولائی

کیس کا 33 سال چلنا عدالتی خامی

 چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیس کا 33 سال چلنا اور اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود کیس کا فیصلہ نہ ہونا عدالت کی خامی ہے، اس میں درخواست گزار کی کوئی غلطی نہیں۔ سرکاری چھٹیوں کو نکال کر عدالت ایک ماہ میں کیس کا فیصلہ کرے۔

پاک چین ’’آہنی‘‘ دوستی کی توثیق

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کا سرکاری دورہ کیا۔ بیجنگ میں چین کے وزیرخارجہ وانگ ای سمیت چین کی اعلٰی سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ متعدد اعلٰی سطحی ملاقاتیں کیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سی پیک کے تحت منصوبوں اور مشترکہ جغرافیائی سیاسی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے پاکستان کے ساتھ چین کی ’’آہنی‘‘ دوستی کی توثیق کرتے ہوئے کہاکہ بیجنگ اپنی ہمسایہ پالیسی اور سفارت کاری میں پاکستان کو ترجیح دیتا رہے گا۔

26 جولائی

جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر میں جدید اور عالمی معیار کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کی منظوری دے دی ۔ وزیراعظم نے کہا، ٹیکس بیس میں اضافے اور غیررسمی معیشت کے خاتمے سے ہی عام آدمی کے لیے ٹیکس میں کمی کے ہدف کا حصول ممکن ہوگا۔

علاقائی امن کے لیے مشترکہ تعاون

 فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ تعاون ناگزیر ہے۔ سرحدوں سے ماورا خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلینجز کے دور میں تزویراتی مکالمے اور باہمی اعتماد کی اہمیت زیادہ ہوگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ پاکستان نے کانفرنس کی میزبانی کی جس میں امریکا، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کی اعلی عسکری قیادت کو مدعو کیا گیا۔

بنگالی نژادمسلمان ملک بدر

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ، ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ بھارتی حکام نے حالیہ عرصے میں سیکڑوں بنگالی نژاد مسلمانوں کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے غیرقانونی تارکین وطن قرار دیا اور انہیں ملک بدر کرکے بنگلادیش بھیج دیا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی حکومت کے یہ اقدامات قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی اور امتیازی سلوک کے مترادف ہیں۔ تنظیم کی ایشیائی امور کی ڈائریکٹر ایلن پیئرسن نے کہا کہ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی بھارتی مسلمانوں کے خلاف امتیاز کو ہوا دے رہی اور بنگالی مسلمانوں کو بغیر کسی قانونی جواز کے بے دخل کر رہی ہے۔

27 جولائی

 157960 گاڑیاں درآمد

پاکستان نے گذشتہ ساڑھے پانچ برسوں میں ایک لاکھ 57ہزار 960 استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کی ہیں جب کہ مقامی مینوفیکچررز نے اس عرصے کے دوران بیرون ملک صرف 248 گاڑیاں برآمد کی ہیں۔

اہل کراچی مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور

کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور جہاں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا ایک ہزار آٹھ سو روپے تک میں فروخت ہورہا۔ شہرقائد میں بیس کلو آٹے کا تھیلا ملک کے باقی بڑے شہروں کے مقابلے میں چار سو چالیس روپے تک مہنگا ہے۔ ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا لاہور کے مقابلے میں 420 روپے اور پشاور کے مقابلے میں300 روپے تک مہنگا ہے۔

 میڈلز جیتنے والوں کے لیے انعامی رقم

 پاکستان اسپورٹس بورڈ نے انٹرنیشنل مقابلوں میں میڈل جیتنے والوں کے لیے انعامی رقم میں اضافہ کردیا۔ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر انعامی رقم ایک کروڑ سے بڑھا کر تین کروڑ کردی گئی۔ سلور پر دو کروڑ اور برانز پر ایک کروڑ انعام ملے گا۔ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل کی انعامی رقم 75 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ پچاس لاکھ کردی گئی۔ سلور میڈل پر 70 اور برانز پر 50 لاکھ ملیں گے۔ کامن ویلتھ گیمز میں گولڈمیڈل کی انعامی رقم 50 لاکھ سے بڑھا کر 75 لاکھ کردی گئی۔ سلور میڈلسٹ کو 50 اور برانز میڈلسٹ کو 30 لاکھ ملیں گے۔

28 جولائی

بھوکے فلسطینی بچوں کی تصاویر ہولناک

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں بھوکے بچوں کی تصاویر ہولناک ہیں، ہمیں جنگ بندی تک پہنچنا ہوگا۔ برطانوی وزیراعظم کے ساتھ پریس کانفر نس کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے غزہ میں خوراک ان لوگوں تک پہنچے گی جنہیں اس کی ضرورت ہے۔

بجلی کنکشن کا حصول

وفاقی حکومت نے ملک بھر کے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے نئے کنکشن کے حصول کے عمل کو آسان بنانے اور غیرضروری مراحل ختم کرنے کے لیے قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا۔ ترمیم شدہ قوانین کے ذریعے صارفین کو سادہ، شفاف اور تیزرفتار سسٹم فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔

29 جولائی

شوگر مالکان نے 300 ارب کمائے

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں آڈیٹر جنرل نے انکشاف کیا کہ چینی کے بحران میں شوگر مل مالکان نے 300 ارب روپے زیادہ کمائے۔ پی اے سی میں ایف بی آر اور وزارت صنعت کے نمائندوں سے سخت سوالات کیے گئے۔ کمیٹی نے تمام شوگر ملز مالکان کے نام اور چینی برآمد کرنے والوں کا مکمل ریکارڈ فوری طور پر طلب کرلیا۔ کمیٹی ارکان نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 10 برسوں سے یہی ڈرامہ جاری ہے، کبھی چینی برآمد کی جاتی ہے، کبھی درآمد۔ ارکان نے حکومت، شوگر مافیا اور ایڈوائزی بورڈ پر سخت تنقید کی اور سیکرٹری فوڈ کی جانب سے پیش کردہ قیمتوں کے اعدادوشمار پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ معین پیرزادہ نے کہا کہ ملک کے صدر اور وزیراعظم عوام کو لوٹ کر اپنی جیبیں بھر رہے ہیں۔ فساد کی جڑ شوگر ایڈوائزری بورڈ ہے۔ شوگر مافیا حکومتوں کا حصہ ہے۔

اسرائیل کو تسلیم کرنے کا منصوبہ نہیں

 نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ دورہ امریکا ہر لحاظ سے کام یاب رہا۔ امریکی وزیر خارجہ کو باور کرایا کہ مذاکرات کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔

’’مودی کہیں، ٹرمپ جھوٹ بول رہا ہے‘‘

 بھارتی اپوزیشن راہ نما راہول گاندھی نے کہا کہ اگر مودی نے جنگ بندی نہیں کی اور انڈین طیارے نہیں گرے تو وہ کہہ دیں کہ ٹرمپ جھوٹا ہے۔ بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں ٹرمپ کے بیان اور انڈین طیاروں کے گرنے کے معاملے پر زبردست بحث ہوئی۔ بھارتی رکن پارلیمنٹ امریندر سنگھ نے کہا کہ انہوں نے پنجاب میں خود رافیل طیارہ گرتے ہوئے دیکھا ہے۔ وہ ایوان میں تباہ شدہ طیارے کی تصاویر بھی لے آئے۔ بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے عجیب منطق پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں، پہلگام حملے میں ملوث مارے گئے دہشت گردوں کے پاس پاکستانی چاکلیٹ ملی ہے۔

فلسطینی ریاست تسلیم

 برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ اگر اسرائیل غزہ میں صورت حال کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کرتا تو برطانیہ ستمبر میں فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم کر لے گا۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی پر رضامندی کا مطالبہ بھی کیا ۔ اسٹارمر نے کہا،’’میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہم دو ریاستی حل کے لیے زیادہ سے زیادہ اثر کے لمحے پر ایک مناسب امن عمل میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے۔‘‘

غزہ میں قحط کی بدترین صورت حال

عالمی ادارہ آئی پی سی نے کہا ہے کہ غزہ میں قحط کی بدترین صورت حال ہے۔ امداد کی فراہمی پر اسرائیل نے سخت پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ غزہ اسرائیلی بم باری بھی جاری رہی، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ جو ڈر تھا وہ اب حقیقت بن چکا، فلسطینیوں کو بدترین انسانی المیے کا سامنا ہے۔

 پاکستانیوں سمیت 18 تارکین وطن ہلاک

مشرقی لیبیا کے شہر طبرق کے قریب بحیرہ روم میں ایک کشتی کے الٹنے سے کم از کم 18تارکین وطن ہلاک اور 50 لاپتا ہوگئے۔ لاپتا ہونے والوں میں اریٹریا، پاکستان، مصر اور سوڈان کے شہری شامل تھے۔ معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے لیبیا ان تارکین وطن کے لیے ایک عبوری ملک بن چکا جو جنگ اور غربت سے فرار ہو کر یورپ پہنچنے کے لیے صحرا اور بحیرہ روم عبور کرتے ہیں۔

 زندہ بیٹی کی پنشن کا حق

 سپریم کورٹ نے والد کی پنشن پر طلاق یافتہ بیٹی کے حق سے متعلق ایک مقدمے میں حکومت سندھ کی سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل خارج کرتے ہوئے قراردیا کہ پنشنر کی وفات کے وقت زندہ رہنے والی بیٹی کے پنشن کے حق کو ختم نہیں کیا جاسکتا، بیٹیوں کو ضرورت کی بنیاد پر پنشن دی جاتی ہے نہ کہ ان کی ازدواجی حیثیت کی بنیاد پر۔ عدالت نے اس حوالے سے حکومت سندھ کے ایک سرکلر کو غیرآئینی جب کہ اس سوچ کو خواتین کے خلاف منظم تعصب قراردیا۔

30 جولائی

بھارت کی پراکسیز

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے عناصر بھارت کی ہائبرڈ وار کے مہرے بنے ہوئے ہیں۔ ان پراکسیز کو بھی اسی طرح کے انجام اور ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا جس ذلت کا سامنا بھارت کو معرکۂ حق میں کرنا پڑا ہے۔ دہشت گرد کسی مذہب، فرقے یا نسل کو نہیں دیکھتے لہٰذا ان کے خلاف ایک متحد اور قومی ردعمل کی اشد ضرورت ہے۔

 پاک امریکا تجارتی معاہدہ مکمل

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت پاکستان اور امریکا اپنے تیل کے بڑے ذخائر کو ترقی دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

30 جولائی

دو ریاستی حل تسلیم کرو

 قطر، سعودی عرب اور مصر سمیت کئی عرب ممالک نے حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دے اور دو ریاستی حل پر راضی ہوجائے۔ ان کا یہ مطالبہ ایسے موقع پر سامنے آیا جب اسرائیل کے ساتھ حماس کی جنگ جاری ہے۔

 ڈیجیٹل طریقے سے درآمد پر ٹیکس ختم

 وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے ڈیجیٹل طریقے سے درآمد کی جانے والے اشیا یا خدمات پر عائد 5 فی صد ٹیکس ختم کردیا۔

 یوٹیوب اکاؤنٹ بنانے پر پابندی

آسٹریلوی حکومت نے یوٹیوب کو بھی اُن سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی فہرست میں شامل کرلیا ہے جن پر 16 سال سے کم عمر بچوں کے اکاؤنٹ بنانے پر پابندی عائد ہوگی۔ یہ فیصلہ دسمبر 2025 ء سے نافذالعمل ہوگا اور اس کا مقصد بچوں کی آن لائن حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ یاد رہے کہ یوٹیوب کو گذشتہ سال نومبر میں اس قانون سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا جب پارلیمنٹ نے فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک، اسنیپ چیٹ اور ایکس جیسے پلیٹ فارم پر کم عمر بچوں کے اکاؤنٹس پر پابندی لگائی تھی۔

 4 لاکھ کاروباری ملک چھوڑگئے

پاکستان ٹیکس ایسوسی ایشن نے کہا کہ غیرمنصفانہ ٹیکسیشن، مہم جوئی اور خوف و ہراس کی وجہ سے گذشتہ تین سال میں 4لاکھ 15ہزار کاروباری افراد ملک چھوڑچکے جن میں واحد پروپرائیٹرز، اے اوپی، سنگل کمپنی اور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیز کے مالکان شامل ہیں۔ یہ کاروباری افراد یورپی ممالک، دبئی، بنگلادیش اور دیگر ممالک میں اربوں ڈالر ز کی سرمایہ کاری کر کے اپنے کاروبار شروع کرچکے۔ پاکستان کے ٹیکس نظام میں بے پناہ مشکلات، سیاسی معاشی عدم استحکام اور سیکیوریٹی خدشات کاروباری افراد کے لیے مشکلات کا باعث ہیں۔ حکومت نے کاروباری افراد اور نوجوانوں کا برین ڈرین نہ روکا تو حالات مزید خرابی کی طرف جا سکتے ہیں۔ جب پڑھا لکھا اور اسکلز سے مالامال نوجوان ملک چھوڑ رہا ہے تو ملک کی معیشت کو چلانے والے شعبے کیسے چلیں گے؟

Similar Posts