آپ پرسکون نیند سوجائیں، دماغ جاگ کر ’اپنی صفائی‘ خود کرے گا، کیسے ؟ آئیے جانتے ہیں

0 minutes, 1 second Read

کیا آپ کو معلوم ہے کہ جب آپ سو رہے ہوتے ہیں، تو آپ کا دماغ جاگ کر ’اپنی صفائی‘ کر رہا ہوتا ہے۔ جی ہاں! سائنس دانوں نے حال ہی میں دماغ کے اندر ایک ایسا ’صفائی والا نظام‘ دریافت کیا ہے جو نیند کے دوران دماغ سے زہریلے مادّے صاف کرتا ہے۔ اس نظام کو ’گلیمفیٹک سسٹم‘ کہا جاتا ہے۔

یہ نظام ہے کیا؟

’گلیمفیٹک سسٹم‘ ایک قدرتی صفائی کا نظام ہے، جو ’دماغ میں موجود فالتو مواد‘ جیسے زہریلا پروٹین، فضلہ، یا فاسد مادوں کو نکال کر دماغ کو صاف رکھتا ہے۔

یہ کام دماغی پانی یعنی ’دماغی اسپائنل سیال‘ یا CFS کے ذریعے ہوتا ہے، جو دماغ میں بہتا ہے اور گندگی کو باہر دھکیل دیتا ہے۔

یہ کب کام کرتا ہے؟

یہ نظام ’خاص طور پر نیند کے دوران‘ فعال ہوتا ہے اور وہ بھی ’گہری نیند‘ کے دوران۔
جب آپ گہری نیند میں ہوتے ہیں, دماغ کے خلیے تھوڑے سکڑ جاتے ہیں, جس کی وجہ سے ’دماغی اسپائنل سیال‘ یا پانی (CSF) کے لیے زیادہ جگہ بن جاتی ہے اور دماغ کا فالتو اور نقصان دہ مواد باہر نکلنے لگتا ہے۔

صفائی کیوں ضروری ہے؟

دن بھر دماغ جب سوچتا ہے، یاد رکھتا ہے، سیکھتا ہے، تو اس میں ’کچھ زہریلے کیمیکل‘ پیدا ہو جاتے ہیں، جیسے ’امائلائیڈ بیٹا‘ اور ’تاؤ پروٹین‘۔

یہ وہی مادّے ہیں جو الزائمر اور دیگر دماغی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں، اگر وہ وقت پر صاف نہ ہوں۔ دوسرے الفاظ میں اگر آپ کو نیند پوری نہ ہو یا نیند کا معیار خراب ہو تو دماغ کی صفائی صحیح نہیں ہوتی اور زہریلے مادے جمع ہونے لگتے ہیں۔
وقت کے ساتھ یہ چیزیں یادداشت کم کرنے، ذہنی دھند، یا الزائمر جیسی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہیں۔

سب سے پہلے یہ ریسرچ یونیورسٹی آف رچسٹر کے محقق ’مئیکن نیڈرگارڈ‘ نے کی تھی۔ انہوں نے 2012- 2013 میں پہلی بار اس سسٹم کو دریافت کیا تھا۔ اور چوہوں اور انسانوں دونوں پر تجربات سے یہ بات واضح ہوئی کہ نیند کے دوران دماغ کی صفائی کا عمل کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔

ایم آرآئی اسکینز سے یہ دیکھا گیا کہ نیند کے دوران دماغی پانی تیزی سے حرکت کرتا ہے اور زہریلے مادے نکالتا ہے۔

ہم اور ہماری زندگی دماغ جیسے قدرت کے شاہکار کے بنا ممکن نہیں- ہماری صھت کا دارومدار اای دماغ پر ہوتا ہے جس سے ہم سوچتے اور اپنی زندگی گزارتے اور بہتر سے بہترین بناتے ہیں لیکن یہ تب ھی ممکن ہے جب ہم اس اہم ترین قدرت کے شاہکار کی حفاظت اور صحت پر مکمل توجہ دیں- اس مضمون میں ’نیند‘ کی حقیقت کو بھی ہم نے جان لیا کہ کس قدر ضروری ہے۔

کچھ اہم باتوں پر عمل کرکے ہم اپنی مجموعی صحت اور زندگی کو قیمتی بنا سکتے ہیں۔ لہٰذا روزانہ 7 سے 9 گھنٹے نیند ہمارے لئے بےحد ضروری ہے۔ سونے سے پہلے موبائل، لیپ ٹاپ سے دور رہیں۔ کیفین یونی چائے، کافی جیسے مشروبات رات میں نہ پیئیں۔ نیند کی دوا صرف ڈاکٹر کے مشورے سے لیں، کیونکہ کچھ دوائیں دماغ کی صفائی کو روک سکتی ہیں۔ سونے کا وقت اور جاگنے کا وقت مقرر کریں اور اس پر عمل کریں۔

اگر ہم روزنہائیں، صاف لباس پہنیں، کمرہ صاف کریں، گھر، گاڑی صاف رکھیں، لیکن ہمارا دماغ؟ ۔ ۔ ۔ اس کی صفائی کے لئے ہم کیا کر رہے ہیں؟ لہٰذا یہ ’نیند‘ کے ذریعے ممکن ہے ۔ اور وہ بھی قدرتی نظام کے تحت۔ لہٰذا اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا دماغ تیز، تندرست، اور لمبے عرصے تک صحت مند رہے، یاد داشت بہترین رہے اور ڈائمینشیا اور الزائمر جیسی بیماریوں سے محفوظ رہیں تو اچھی نیند کو معمول بنانا ہی ہوگا۔ اچھی نیند، بہترین دماغ اور اس کے نتیجے میں بہتر زندگی۔

Similar Posts