وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا صوابدیدی بجٹ 5 سے 50 کروڑ کرنے پر ترجمان کی وضاحتیں

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے اخراجات اور صوابدیدی فنڈز میں اضافے پر اٹھنے والے سوالات کے بعد ترجمان وزیراعلیٰ نے وضاحت دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ صوبے میں ہونے والی تقریبات قومی مفادات، مہمان نوازی اور سفارتی سرگرمیوں کا حصہ ہیں، جنہیں غیر ضروری تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں روزانہ سرکاری و نجی اہم تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے، جو محدود وسائل میں مالی بچت اور سیکیورٹی کے تناظر میں موزوں ترین حکمت عملی ہے۔ اگر یہی تقریبات ہوٹلوں یا نجی مقامات پر کی جائیں تو اخراجات کئی گنا بڑھ سکتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا عالمی اداروں، سفارت کاروں، کھلاڑیوں اور کاروباری شخصیات کی میزبانی کر رہا ہے، جو صوبے کے وقار اور مہمان نوازی کی روایات کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تقریب صوبے کی ثقافت اور شناخت کی نمائندگی کرتی ہے۔

ایک دن کیلئے نتھیا گلی گیا، سوشہ چھوڑ دیا گیا کہ کسی سے ملاقات کی ہے، علی امین گنڈاپور

دوسری جانب دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے صوابدیدی فنڈ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے لیے وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فنڈ کا تخمینہ 50 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جبکہ رواں مالی سال میں اسی مد میں 5 کروڑ روپے مختص تھے۔

دستاویزات کے مطابق وزیراعلیٰ نے موجودہ مالی سال کے دوران صوابدیدی فنڈ کی مد میں 50 کروڑ روپے خرچ کیے۔ اس کے علاوہ تحائف اور تفریح کی مد میں بھی 11 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، حالانکہ اس مد کے لیے صرف 3 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے۔

آئندہ مالی سال کے لیے تحائف اور تفریح کی مد میں بجٹ کا تخمینہ 3 کروڑ 85 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ مزید برآں، سیکرٹ فنڈ چارجز کی مد میں بھی وزیراعلیٰ نے رواں مالی سال کے دوران 15 کروڑ روپے خرچ کیے، حالانکہ اس کے لیے صرف 5 کروڑ روپے مختص تھے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہندکو کو پارلیمانی زبان دینے کا فیصلہ

ترجمان وزیراعلیٰ نے اخراجات پر تنقید کو صوبے کی ثقافت اور عزت نفس پر حملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی میزبانی صرف روایت نہیں، بلکہ صوبے کی پہچان ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط کردہ عناصر کو عوام نے پہلے ہی مسترد کر دیا ہے اور خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔

Similar Posts