پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمارے تمام مطالبات مان لیے، اس لیے بجٹ کو سپورٹ کر رہے ہیں، حکومت نے بی آئی ایس پی کے بجٹ میں اضافہ کیا، پی ٹی آئی نے ہر بجٹ میں بی آئی ایس پی کے بجٹ میں کمی کی، پیپلز پارٹی کے احتجاج کے بعد سولر پینلز ٹیکس میں کمی کی، ایف بی آر کو گرفتاری کا اختیار ابتدائی مرحلے پر نہیں ہوگا، ان وجوہات کی وجہ بجٹ کو مکمل سپورٹ کر رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے وفاقی بجٹ کی تجاویز کو قبول کرلیا، حکومت نے بی آئی ایس پی پر ہماری تجاویز کو مانا، وزیراعظم نے سب سے زیادہ بی آئی ایس پی کے فنڈز میں اضافہ کیا، پیپلزپارٹی بجٹ کو دل سے تسلیم کرتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا 12 لاکھ سالانہ تنخواہ دار طبقے پر زیرو ٹیکس ہے، بجٹ میں بی آئی ایس پی میں 20 فیصد اضافے کا مطالبہ مانا گیا، پی ٹی آئی کے دور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مد میں رقم میں کمی کی گئی تھی، حکومت نے سولر سے متعلق بھی ہمارے تمام مطالبات مان لیے، حکومت نے سولر پینلز پر ٹیکس 50 فیصد کم کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ وفاق نے ایف بی آر قانون میں سخت ترامیم کو ختم کیا، ایف بی آر کے پاس گرفتاری کا اختیار نہیں ہوگا، ایف بی آر کی گرفتاری کو قابل ضمانت قرار دے دیا گیا، اس حوالے سے حکومت نے ہمارے مطالبات منظور کیے، حکومت، وزیراعظم اور وزیرخزانہ کے شکر گزار ہیں کہ ہماری بات مانی گئی۔