اسلام آباد اور پنجاب سمیت ملک بھر میں پری مون سون بارشوں نے کئی شہروں میں جل تھل ایک کردیا، بارش کے باعث مختلف حادثات میں بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ محکمہ موسمیات نے یکم جولائی تک موسلا دھار برسات کی پیشگوئی کردی۔
ملک بھر میں پری مون سون کا دھواں دھار اسپیل جاری ہے، پنجاب میں بادل کھل کر برسے، جس کے باعث کئی شہروں میں جل تھل ایک ہوگیا۔
بہاولنگر میں کمرے کی چھت گرنے سے 4 سالہ بچہ زین ملبے تلے دب کر جان گنوابیٹھا جبکہ چونیاں میں 2 بچیاں چھت گرنے سے جاں بحق ہوگئیں۔
اوکاڑہ میں چھت تلے دب کر بچی جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے جبکہ جہلم میں ڈوبنے سے 2 شہری جان سے گئے، اسی طرح میاں چنوں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جان سے گیا۔
اسلام آباد میں تیزہواؤں کے باعث کھمبا گاڑی پر آگر، جس کے نتیجے میں 2 افراد دب کر جانیں گنوا بیٹھے جبکہ 2 زخمی بھی ہوئے۔
مختلف شہروں میں مکانات گرنے سمیت دیگر حادثات میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
ملتان میں 170 فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر بجلی سے محروم ہوگیا، مظفرآباد میں دریاؤں اور ندی نالوں میں سطح بلند ہوگئی۔
لاہور میں مون سون کی پہلی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا
لاہور میں مون سون کی پہلی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ ٹھوکر نیاز بیگ نالہ پانی کی تیز بھاؤ کے باعث ٹوٹ گیا، نالہ ٹوٹنے کے باعث گندا پانی مقامی رہائشی ابادیوں میں پہنچ گیا۔
گھروں میں گندا پانی پہنچنے کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کچےاور کمزور گھروں کی دیواریں بھی گرنا شروع ہو گئیں۔
واسا اور ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ نے نالے کی مرمت شروع کردی۔ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مون سون کی پہلی بارش کے بعد شگاف پڑ گیا جبکہ شگاف پڑنے کے باعث ایک جانب کی سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تھوڑی سی بارش سے نالہ ٹوٹ گیا، مستقل بندوبست کیا جائے۔
سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش شروع
سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش شروع ہوگئی، حیدرآباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
حیدرآباد میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، تیز بارش کے باعث ٹنڈوجام میں مدرسے کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
اس کے علاوہ ٹنڈو الہ یار، جامشورو، اور مٹھی میں بھی بارش شروع ہوگئی جبکہ خیرپورمیں طوفانی ہوائیں چل پڑیں۔