صحت مند زندگی کی بنیاد صرف متوازن خوراک اور ورزش تک محدود نہیں، بلکہ ہماری جسمانی اور ذہنی صحت کا ایک اہم راز ہماری ’گٹ ہیلتھ‘ میں پوشیدہ ہے۔ عام طور پر لوگ گٹ (آنتوں) کو صرف ہاضمے سے جوڑتے ہیں، لیکن سچ یہ ہے کہ گٹ ہماری مجموعی صحت میں ایک مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔ اسی لیے ماہرین اسے ’سیکنڈ برین‘ یعنی دوسرا دماغ بھی کہتے ہیں۔
گٹ ہیلتھ کسے کہتے ہیں؟ کیا اسے ’نظامِ ہاضمہ‘ کہہ سکتے ہیں؟
’گٹ‘ سے مراد انسانی جسم میں موجود نظامِ ہاضمہ کا وہ حصہ ہے جس میں معدہ، چھوٹی اور بڑی آنتیں شامل ہیں، لیکن ’گٹ ہیلتھ‘ صرف ہاضمے تک محدود نہیں۔ اس میں آنتوں میں موجود مفید و مضر بیکٹیریا ’گٹ مائیکروبایوٹا‘، مدافعتی نظام، ذہنی سکون، غذا جزب کرنے کی صلاحیت، اور دماغی صحت تک شامل ہوتی ہے۔
کیا اسے اردو میں صرف ’نظامِ ہاضمہ‘ کہا جا سکتا ہے؟ جی نہیں! صرف ’نظامِ ہاضمہ‘ کہنا کافی نہیں ہوگا، کیونک نظامِ ہاضمہ صرف کھانے کو ہضم کرنے والے اعضا کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ گٹ ہیلتھ ایک وسیع تر تصور ہے لہٰذا اسے زیادہ بہتر انداز سے بتانے یا سمجھنے کے لئے ’گٹ‘ اور ’گٹ ہیلتھ‘ ہی کہا جائے تو مناسب ہوگا یعنی آنتوں اور نظامِ ہاضمہ کی مجموعی صحت جس کا تعلق لاکھوں نیورونز کی بدولت دماغ اور احساسات سے بھی ہے۔
آپ اپنا کھانا غلط چبا رہے ہیں، صحیح طریقہ جانیے
گٹ کو سیکنڈ برین کیوں کہا جاتا ہے؟
ہمارے گٹ میں ایک مخصوص اعصابی نظام موجود ہوتا ہے جسے ’اندرونی اعصابی نظام‘ یا ای این ایس کہا جاتا ہے۔ یہ لاکھوں نیورونز پر مشتمل ہوتا ہے اور یہ دماغ کے بغیر بھی اپنے فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گٹ ہمارے موڈ، نیند، اور ذہنی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔
آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ گٹ میں پیدا ہونے والا کیمیکل ’سیروٹون‘ جو خوشی کا ہارمون کہلاتا ہے، دماغ میں موجود سیروٹونن کا تقریباً 90 فیصد حصہ ’گٹ‘ میں ہی بنتا ہے۔ اور تناؤ، ڈپریشن اور اینزائٹی کا تعلق براہِ راست گٹ ہیلتھ سے جوڑا جا چکا ہے۔ اسی وجہ سے اسے ’دوسرا دماغ‘ یا سیکنڈ برین کہا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہم اکثر ’گٹ فیلنگ‘ کی بات کرتے ہیں۔ ’گٹ فیلنگ‘ دراصل ایک فطری، فوری احساس یا اندرونی اشارہ ہوتا ہے جو کسی فیصلے، خطرے یا صورتحال کے بارے میں بغیر کسی واضح دلیل کے ہمیں محسوس ہوتا ہے۔
کیا دہی واقعی تیزابیت کم کرتی ہے؟
گٹ فیلنگ کو ہم دل کی آواز، دل کا اشارہ یا اندرونی احساس سے تشبیہہ دے سکتے ہیں، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ سائنسی تحقیق کے مطابق یہ ’گٹ‘ اور ’دماغ‘ کے گہرے تعلق کی وجہ سے ممکن ہے۔ کیونکہ گٹ کا اعصابی نظام (Enteric Nervous System) کئی بار فوری ردعمل دے سکتا ہے، جو ہمیں خطرات یا اہم فیصلوں میں مدد دیتا ہے۔
گٹ ہیلتھ کیوں ضروری ہے؟
ہاضمے کی اچھی صلاحیت آپ کے پورے جسم پر اثرانداز ہوتی ہے۔ گٹ صحت مند ہوگا تو خوراک بہتر ہضم ہوگی، غذائی اجزاء بہتر جذب ہوں گے اور جسمانی توانائی میں اضافہ ہوگا۔ دوسری اہم صلاحیت ’مدافعتی نظام کی مضبوطی‘ ہے۔ تقریباً 70 فیصد امیون سسٹم گٹ میں پایا جاتا ہے۔ اگر گٹ میں توازن خراب ہو جائے تو بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

جیسا کہ ذکر ہوا، گٹ براہ راست دماغ سے منسلک ہے۔ ایک غیر صحت مند گٹ، ڈپریشن، بےچینی، نیند کی خرابی اور دیگر نفسیاتی مسائل پیدا کر سکتا ہے لہٰذا ’ذہنی صحت‘ کی بہتری کے لئے بھی گٹ ہیلتھ کا بہتر ہونا صحت مند ہونا نہایت ضروری ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں گٹ کی خرابی سے ایکنی، ایگزیما، اور بالوں کے جھڑنے جیسے مسائل جنم لیتے ہیں؟ جی ہاں اگرآپ کا نظامِ ہاضمہ یعنی گٹ ہیلتھ بہتر نہیں تو آپ ان مسئل کا شکار ہوسکتے ہیں۔
اب مرحلہ آتا ہے کہ گٹ ہیلتھ کو بہتر بنانے کے لئے ہمیں کیا کرنا چاہیے۔ تو سب سے پہلے ہمیں اپنے گٹ کی ہیلتھ کے لئے سبزیاں، پھل، دالیں، اناج، گری دار میوے اور بیج اپنی خوراک میں شامل کرنا چاہیئں۔
دوسری اہم خوراک پروبائیوٹکس پر مشتمل ہونا چاہیے۔ جیسے دہی، لسی، کمچی، اچار، اور کیفر استعمال کریں۔ اور ’پری بائیوٹکس‘ جیسے لہسن، پیاز، کیلا، اور دلیا بھی مددگار ہیں۔
مون سون میں ہاضمے کی پریشانی؟ مونگ پانی سے پائیں آرام
پروسیسڈ اور جنک فوڈ سے پرہیز کریں، فاسٹ فوڈ، چینی، بازاری مشروبات اور مصنوعی کیمیکل گٹ کے بیکٹیریا کوبہت نقصان پہنچاتے ہیں۔ اسکے علاوہ پانی زیادہ پئیں، پانی ہاضمے کو بہتر کرتا ہے اور زہریلے مادے جسم سے باہر نکالتا ہے۔
ٹینشن یا تناؤ کم کریں اور اس کے لئے یوگا، ورزش، مراقبہ اور نیند، گٹ اور دماغ کے تعلق کو مضبوط بناتے ہیں۔ باقاعدگی سے ورزش کریں، چلنا، دوڑنا، یا ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمی گٹ کی حرکت کو بہتر بناتی ہے۔
گٹ ہیلتھ ایک خاموش مگر طاقتور عنصر ہے
یاد رکھیں گٹ ہیلتھ ایک خاموش مگر طاقتور عنصر ہے جو ہماری زندگی کے ہر پہلو پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اگر ہم اپنی خوراک، طرزِ زندگی، اور ذہنی سکون پر توجہ دیں تو نہ صرف ہمارا گٹ بلکہ ہمارا دماغ، جلد، نیند اور مدافعتی نظام بھی بہتر ہوگا یعنی صحت مند گٹ، خوشحال زندگی۔