بجٹ 2025 کی منظوری کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف نے ارکانِ سینیٹ، قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بجٹ، قومی سلامتی، سفارتی کامیابیوں اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِاعظم نے بجٹ کی تیاری میں معاشی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہوا بجٹ پیش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کی منظوری میں اتحادی جماعتوں نے کلیدی کردار ادا کیا، اب تمام جماعتوں کو مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے دن رات محنت کرنا ہوگی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ یقینِ محکم ہے کہ یہی مثالی اتحاد پاکستان کی معاشی خوشحالی کو یقینی بنائے گا۔
انہوں نے بھارت کی حالیہ جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اللہ کے فضل سے شاندار کامیابی حاصل کی، اور قومی یکجہتی نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کی اس کامیابی نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا وقار بلند کیا۔
وزیرِاعظم نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ ان کے مطابق وفد نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کیا، اور بھارت کے عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، جسے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی۔
انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے سفارتی وفد کا شاندار استقبال کیا اور حکومت و افواج کو کامیاب دفاع اور مؤثر سفارت کاری پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
ایران اسرائیل کشیدگی پر بات کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ جنگ کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ مکمل رابطے میں تھے اور پاکستان نے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیرِاعظم نے امید ظاہر کی کہ اسرائیل-ایران تنازعے کا حل خطے میں پائیدار امن کے دروازے کھولے گا۔