فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سول سروس اکیڈمی میں جاری 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں شرکت کی اور زیر تربیت افسران سے خصوصی ملاقات و خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات ادارہ جاتی ہم آہنگی، سول اور فوجی قیادت کے درمیان باہمی مفاہمت کو فروغ دینے کے ایک وسیع تر قومی اقدام کا حصہ تھی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے داخلی و خارجی چیلنجز، قومی سلامتی اور علاقائی استحکام پر تفصیلی گفتگو کی۔
فیلڈ مارشل نے اس موقع پر کہا کہ ریاست کی تمام اکائیوں میں ہم آہنگی کی بنیاد سول بیوروکریسی اور انتظامیہ ہیں، اور یہ ایک اہم قومی ذمہ داری ہے جو آپ پر عائد ہوتی ہے۔

فیلڈ مارشل نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ دیانت داری، حب الوطنی اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
فیلڈ مارشل نے حالیہ سیکیورٹی چیلنجز اور معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی تمام اکائیوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، اور اللہ نے ہماری مدد کی کیونکہ ہم حق پر تھے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان موجودہ دور کے جنگی تقاضوں کے مطابق ہمہ وقت تیار ہیں۔