ایبٹ آباد میں حویلیاں ندی کے مقام پر طغیانی کے باعث 3 بچے پانی میں بہہ گئے، جن میں سے 2 لاشیں نکال لی گئی جبکہ بچی کی تلاش جاری ہے۔
ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کی ندی دوڑ میں طغیانی کے باعث 3 بچے پانی میں بہہ گئے، ڈوبنے والے 3 بچوں میں 2 بچے اور ایک بچی شامل ہے، جن میں سے دونوں بچوں کی لاشیں ریسکیو 1122 نے نکال کر حویلیاں اسپتال منتقل کردیں۔
ایک بچی کی تلاش جاری ہے، ڈوبنے والے بچوں میں 13سالہ فیض شاہ ،11سالہ سیف اللہ اور 4 سالہ فاطمہ شامل ہیں، بچے اپنی والدہ کے ساتھ سیر کے لیے آئے تھے۔
اس سے قبل سوات میں دریائے سوات میں اچانک آنے والے سیلابی ریلے کے نتیجے میں 17 افراد بہہ گئے۔
ضلعی انتظامیہ سوات نے واقعے سے متعلق ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق حادثہ پشاور بائی پاس روڈ کے قریب پیش آیا, ڈوبنے والے افراد کا تعلق ڈسکہ اور مردان سے بتایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 اور مقامی افراد نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو بچا لیا، جبکہ 13 افراد لاپتا ہو گئے تھے، جن میں سے اب تک 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
4 افراد کی تلاش تاحال جاری ہے اور سرچ آپریشن کا دائرہ ملاکنڈ تک پھیلا دیا گیا ہے۔