سانحہ سوات: گورنر خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ کا مطالبہ

0 minutes, 0 seconds Read

گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ سوات پر وزیراعلیٰ کے پی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سانحہ سوات کو حکومت کی بدترین ناکامی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سانحہ سوات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور وزیراعلیٰ کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کے پی میں بلدیاتی اداروں کو ایک روپیہ تک نہیں دیا گیا، پولیس اور ایف سی خود سوال کر رہی ہے کہ فنڈز کہاں گئے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملنے والے پیسوں کا کوئی حساب نہیں دیا گیا، اور 50 ارب روپے کا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک سفید پوش کے لیے بنگلہ خریدا گیا، جبکہ حکومت کے اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے۔

گورنر خیبر پختون خوا نے مزید کہا کہ قیدی 804 کے تحت چوروں اور ڈاکوؤں کو وزارتیں دی جا رہی ہیں اور ایسے افراد کو پروموٹ کیا جا رہا ہے جو ریاست مدینہ کے اصولوں کے برعکس ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے تمام وسائل وفاق پر چڑھائی کے لیے رکھے تھے، جبکہ صوبے کے عوام بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں۔

Similar Posts