فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بنوں سی ایم ایچ کا دورہ کیا جہاں انھوں نے زخمیوں کی عیادت کی۔ فیلڈ مارشل نے بنوں چھاؤنی حملے کے شہدا کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انھیں انسداد دہشت گردی آپریشنز اور سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
کور ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشتگردی کیخلاف ریاست کےغیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، دہشت گردی کے اصل چہرے کو دنیا میں بے نقاب کیا جائے گا۔ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے کے پی پولیس کی استعداد کارمیں اضافے کی اہمیت پر زور دیا اور اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔
فیلڈ مارشل نے بنوں سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنوں چھاؤنی حملے کے شہدا کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔