سلمان خان اور عامر خان دونوں بالی وڈ کے مشہور ترین اسٹارز میں شامل ہیں اور دونوں نے انداز اپنا اپنا جیسی مشہور فلم میں ایک ساتھ کام بھی کیا اور پرستاروں کو محظوظ کیا، ان کی اداکاری کو خوب سراہا جاتا ہے اور بکس آفس پر ان کی فلمیں سب سے زیادہ کمانے والی فلموں میں شامل ہوتی ہیں۔
عامر خان اور سلمان خان حال ہی میں ساتھی اداکارائیں کاجول اور روینہ ٹنڈن کے ساتھ ٹی وی شو میں جلوہ گر ہوئے اور دونوں نے اپنی ذاتی کہانیاں بیان کیں اور زندگی میں پیش آنے والی مشکلات سے بھی پردہ اٹھایا۔
دونوں سپر اسٹارز نے ایک ہی اسکول میں تھے لیکن انہوں نے بتایا کہ اس زمانے میں ایک دوسرے کو نہیں جانتے تھے۔
سلمان خان نے بتایا کہ ہم دونوں بظاہر ایک اسکول میں تھے لیکن ہمیں یاد نہیں ہے کیونکہ میں وہاں چوتھی جماعت تک تھا اور اس کے بعد مجھے وہاں سے نکال دیا گیا تھا۔
ان سے پوچھا گیا کہ انہیں اسکول سے کیوں نکالا گیا تو دبنگ خان نے جواب دیا کہ وہ ایک دوست کے ساتھ دوڑ رہے تھے اور جلدی میں تھے ایسے میں وہ پھنس گئے اور گرگئے جس کے نتیجے میں دانت ٹوٹ گئے۔
سلمان خان نے بتایا کہ اسکول کی انتظامیہ نے جان بوجھ کر اس واقعے کو غلط انداز میں اٹھایا اور انہیں مشکل میں پھنسا دیا۔
دبنگ خان نے یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسکول کی انتظامیہ نے انہیں فیس ڈیفالٹر کی فہرست میں شامل کردیا تھا اور اس موقع پر عامر خان نے بھی تسلیم کیا کہ ان کے والدین کو بھی اسکول کی فیس ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سلمان خان نے بتایا کہ میں اس وقت گریڈ فور میں تھا اور مجھے سزا دے کر باہر نکال دیا گیا تو والد (سلیم خان) نے پوچھا کہ اس نے کیا کیا ہے تو ٹیچر نے جواب دیا کہ یہ بچے کی غلطی نہیں ہے بلکہ آپ غلطی ہے، جس پر والد نے پوچھا کہ میں نے کیا غلطی کی ہے۔
ٹیچر نے بتایا کہ آپ بچے کی فیس ادا نہیں کر رہے ہیں جو بقایا ہے اور وقت پر نہیں دیتے اس لیے ہم ان کو باہر نکال دیتے ہیں، جبکہ والد نے جواب دیا کہ پھر تو آپ لوگوں کو چاہیے مجھے وہاں کھڑے ہونے کی سزا دیں۔
سلمان خان نے انکشاف کیا کہ اس کے بعد میرے والد پرنسپل کے پاس گئے اور فیس کی ادائیگی کے لیے جو کرسکتے تھے کیا لیکن دو ہفتے بعد یہی واقعہ دوبارہ پیش آیا اور انہوں نے مجھے اسکول سے باہر نکال دیا۔