ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اور جرمنی کی حکومت کے درمیان 2025 کے دو طرفہ ترقیاتی تعاون سے متعلق مذاکرات بدھ کو اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔
مذاکرات کی مشترکہ صدارت سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم، اور وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی (BMZ) کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ کرسٹین ٹوئٹسکے نے کی۔
اس موقع پر جرمنی کی سفیر اینا لیپل اور پاکستان کی سفیر برائے جرمنی ثقلین سیدہ بھی موجود تھیں، جنہوں نے دونوں ممالک کے ادارہ جاتی تعلقات اور باہمی تعاون کے عزم کو مزید مضبوط کیا۔
جرمنی نے مالی اور تکنیکی تعاون کی مد میں 2025-2026 کے لیے 114 ملین یورو کے نئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا، جو کلیدی شعبوں ، ماحولیاتی تحفظ و توانائی، پائیدار اقتصادی ترقی و فنی تربیت، اور سماجی تحفظ پر مرکوز ہوگا۔
سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے وفاقی جمہوریہ جرمنی کی حکومت کے پاکستان کے ترقیاتی سفر میں مسلسل اور قیمتی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں، روزگار کے مواقع میں اضافے اور سماجی تحفظ کے نظام کے استحکام میں جرمنی کے کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ تعاون پاکستان کے اقتصادی تبدیلی کے منصوبے “اُڑان پاکستان” سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔
کرسٹین ٹوئٹسکے نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی، اقتصادی استحکام اور سماجی شمولیت کے چیلنجز سے نمٹنے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے پاکستان اور جرمنی کے دیرینہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پائیدار ترقی، اچھی حکمرانی اور عوامی فلاح کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیتا رہے گا۔
تقریب کے اختتام پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے 2025 کے پاکستان-جرمنی دو طرفہ ترقیاتی تعاون مذاکرات کا خلاصہ دستاویز پر دستخط کیے، جس سے نئی مالی معاونت کی باضابطہ توثیق ہوئی اور باہمی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان-جرمنی ماحولیاتی و توانائی شراکت داری کے تحت تعاون کو بڑھانے، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور نوجوانوں کے روزگار کے مواقع میں بہتری، اور سماجی تحفظ و قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے کے لیے شراکت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مذاکرات کا اگلا دورِ 2027 کو برلن میں ہوگا۔