خیبر پختونخوا میں دو روز میں تیز آندھی، بارش اور سیلاب سے تباہی کے دوران حادثات میں انیس افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔ برسات سے چھ گھر مکمل تباہ، پچاس کو جزوی نقصان پہنچا۔
خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں، آندھی اور سیلابی ریلوں نے شدید تباہی مچائی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مختلف حادثات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دریائے سوات میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث خواتین سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں سے صوبے بھر میں 56 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 6 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ 50 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
سیلاب اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔