سپریم کورٹ نے دور دراز علاقوں تک ویڈیو لنک سہولت کا دائرہ بڑھا دیا

0 minutes, 0 seconds Read

سپریم کورٹ نے انصاف تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے دور دراز علاقوں تک ویڈیو لنک سہولت کا دائرہ بڑھا دیا۔

یہ سہولت سندھ ہائیکورٹ ڈویژن بینچ سکھر اور پشاور ہائی کورٹ کے 4 بینچوں، ایبٹ آباد، مینگورہ (سوات)، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیابی سے قائم کر دی گئی ہے، یہ اہم اقدام سپریم کورٹ کے ایک جامع اور جدید ٹیکنالوجی سے مربوط عدالتی نظام کے عزم کا مظہر ہے۔

سپریم کورٹ اعلامیہ کے مطابق یہ سہولت دور دراز علاقوں سے وکلا اور سائلین کو طویل سفر کی زحمت سے بچاتے ہوئے سپریم کورٹ میں بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کے مواقع فراہم کرتی ہے، جس سے وقت اور وسائل کی قابلِ قدر بچت ممکن ہوتی ہے۔

اس نظام کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اوروکلا کو ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کے لیے درخواست دینے کی ترغیب دی جاتی ہے، یہ سہولت عدالتی کارروائیوں کو جدید خطوط پر استوار کرتی ہے اور اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ جغرافیائی رکاوٹیں کسی شہری کے لیے انصاف تک رسائی میں حائل نہ ہوں، اس سہولت کو دیگر صوبوں کے دور دراز علاقوں تک بھی توسیع دی جائے گی اور اس سلسلے میں اقدامات جاری ہیں۔

Similar Posts