سونامی یا کچھ اور۔۔۔؟ ساحل سمندر کی حقیقی ویڈیو نے لوگوں میں خوف پیدا کردیا

0 minutes, 0 seconds Read

پرتگال کے ساحل پر ایک نادر اور منفرد موسمیاتی واقعہ دیکھنے میں آیا ہے جسے ’رول کلاؤڈ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ خوبصورت مگر عجیب و غریب کلاؤڈ کا منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور لوگوں کو حیرت میں ڈال رہا ہے۔ یورونیوز کے مطابق یہ واقعہ پیر کے دن پیش آیا جب پورا ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں تھا۔

رول کلاؤڈ ایک مخصوص قسم کا کم اونچائی والا، افقی، اور نلی نما بادل ہوتا ہے جو ایک مخصوص محور کے گرد گردش کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ یہ بادل سمندری ہوا اور گرم ہوا کے مابین تعامل کی وجہ سے بنتے ہیں اور عام بادلوں سے مختلف ہوتے ہیں۔ یہ بادل سمندر سے نکل کر ساحل کی جانب بڑھتے ہیں اور اس کے ساتھ شدید ہوائیں بھی چلتی ہیں، جس سے ساحل پر موجود لوگ حیران رہ گئے۔

ویڈیو کے مطابق ایک گھنے بادل کا غول سمندر سے نکل کر ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ یہ منظر دیکھنے والوں نے اسے سمندری لہر سے مشابہ قرار دیا، لیکن یہ کسی طوفان یا سونامی کا پیش خیمہ نہیں ہے۔

مقامی افراد اور سوشل میڈیا صارفین نے اس قدرتی مظہر پر مختلف تبصرے کیے۔ ایک صارف نے پوچھا، ’کیا یہ وہ طوفانی ہوا ہے جو یورپیوں کو گرمی کی اس لہر سے کچھ آرام دے گی؟‘ جبکہ ایک دوسرے نے کہا کہ ’یہ کلاؤڈ پہلے شمالی پرتگال میں بہت عام تھا لیکن کافی عرصے سے نظر نہیں آ رہا تھا۔‘

یہ رول کلاؤڈ عموماً طوفانوں کے کنارے بنتے ہیں جہاں ٹھنڈی ہوا گرم اور نمی والی ہوا میں داخل ہوتی ہے۔ یہ بادل زیادہ تر گرج چمک والے موسم سے پہلے بنتے ہیں اور ان کا ظہور موسم کی غیر یقینی صورتحال کا اشارہ ہو سکتا ہے۔

پرتگال اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں اتوار کو ملک کے اندرونی علاقوں میں شدید بارش، تیز آندھی اور اولے بھی گرے۔ محکمہ قومی شہری تحفظ نے ملک کے شمالی، وسطی اور الگارو علاقوں میں جنگلاتی آگ کے خدشات کے پیش نظر انتباہ جاری کیا ہے اور عوام سے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Similar Posts