کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے جون 2025 میں لیک ہونے والے تین اہم امتحانی پرچوں میں شریک طلبہ کو نومبر 2025 کی امتحانی سیریز میں بغیر کسی فیس کے دوبارہ امتحان دینے کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
متاثرہ پرچے درج ذیل ہیں:
- اے ایس اور اے لیول ریاضیات پیپر 12
- اے ایس اور اے لیول ریاضیات پیپر 42
- اے ایس اور اے لیول کمپیوٹر سائنس پیپر 22
ادارے کا کہنا ہے کہ ان پرچوں کے نتائج معمول کے مطابق جاری کیے جائیں گے، تاہم متاثرہ طلبہ کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا ایک اور موقع دیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے تحت، انہیں نومبر 2025 میں مذکورہ پرچوں میں دوبارہ شرکت کا اختیار دیا گیا ہے، وہ بھی بلا معاوضہ۔
کیمبرج انٹرنیشنل نے واضح کیا کہ تمام امیدواروں اور ان کے والدین کو اسکولز کے ذریعے باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید معلومات امتحانی نتائج کے اجرا کے بعد فراہم کی جائیں گی۔
کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کا ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہونے پر تحقیقات کا آغاز
مزید براں، طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کے ذہن میں کوئی سوال ہو تو وہ براہِ راست اپنے متعلقہ اسکول سے رابطہ کریں۔ اس ضمن میں رہنمائی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تین نئے چیئرمین بھی تعینات کر دیے گئے ہیں، جو آئندہ منگل سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ان کی تقرری تین سالہ مدت کے لیے کی گئی ہے۔
اے لیول کے امتحانات میں پیپرز لیک ہونے کا معاملہ: قائمہ کمیٹی کا شدید ردعمل
یہ اقدام کیمبرج کی جانب سے امتحانات کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، تاکہ طلبہ کا تعلیمی سفر کسی بھی غیرمتوقع رکاوٹ سے متاثر نہ ہو۔