دوہری شہرت والے افسران کے خلاف شکنجہ سخت کر دیا گیا، چیئرمین ایف بی آر

0 minutes, 0 seconds Read

دہری شہرت رکھنے والے ایف بی آر افسران کے خلاف شکنجہ سخت کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کا کہنا ہے کہ ادارے میں ایمانداری کے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے اور وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ اختیارات کے غلط استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیرمملکت خزانہ بلال اظہرکیانی نے چیئرمین ایف بی آرکے ہمراہ نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں حکومت کی معاشی کارکردگی بہتر رہی، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، آئی ایم ایف پروگرام معاشی استحکام کی بنیاد بنا۔

بلال اظہرکیانی نے کہا کہ ہم نے اپنے اہداف پورے کئے، کوئی منی بجٹ نہیں آیا، ایف بی آر کی وصولیوں میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہو چکے ہیں، معاشی استحکام کا سفر جاری رکھیں گے، نئے مالی سال کے معاشی اہداف کے حصول کے لئے پرعزم ہیں۔

وزیرمملکت نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے، بجٹ میں عوام کے لئے ریلیف اقدامات شامل کئے گئے، تنخواہ دار طبقے کی ٹیکس سلیبز میں کمی کی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو 592 سے 616 ارب تک بڑھا دیا۔

اس موقع پر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ ایف بی آر میں ایمانداری کے کلچر کو فروغ دینا ہے، ایف بی آر کے دروازے تمام ٹیکس دہندگان کیلئے 24 گھنٹے کھلے ہیں، وزیراعظم کی ہدایت ہے اختیارات کاغلط استعمال کہیں نہیں ہونے دیں گے۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ بری شہرت والے افسران پر شکنجہ سخت کیا گیا، محصولات اکھٹے کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا۔

Similar Posts