اسلام آباد کے سی ڈی اے اسپتال انتظامیہ کی نااہلی کا واقعہ سامنے آیا ہے، دوائیں مریضوں کو نہ دیں لیکن ایکسپائرڈ ہونے پر نالے میں پھینک دیں۔ دوائیں نالے میں پھینکنے کی فوٹیج آج نیوز کو مل گئی۔
وفاقی دارالحکومت کے سی ڈی اے اسپتال کی انتظامیہ کی سنگین غفلت سامنے آگئی۔ مریضوں کو دوا دینے کے بجائے اسپتال انتظامیہ نے ایکسپائرڈ ہونے پر ادویات نالے میں پھینک دیں۔
آج نیوز کو موصول ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دواؤں سے بھرے تھیلے نالے میں پڑے ہیں، جنہیں انتظامیہ نے مناسب طریقے سے تلف کرنے کے بجائے کھلے عام ضائع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق یہ ادویات اسپتال میں موجود تھیں، مگر بروقت مریضوں کو فراہم نہ کی گئیں۔ ادویات کی تاریخِ میعاد ختم ہونے کے بعد انہیں نالے میں پھینک دیا گیا، جو نہ صرف طبی وسائل کا ضیاع ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور صحت عامہ کے لیے بھی خطرناک ہے۔
اس افسوسناک واقعے نے اسپتال انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا ہے۔ شہریوں اور مریضوں کے اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے فوری تحقیقات اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔