پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی۔ سلامتی کونسل کے اجلاس سے اپنے پہلے باضابطہ خطاب میں انہوں نے کہا کہ بطور صدر نمائندگی کرنا پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کا ایک ذمہ دار، متحرک اور سنجیدہ رکن ہے جو عالمی امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ یو این چارٹر کے مطابق تنازعات کے پرامن حل اور سفارت کاری کے ذریعے گفت و شنید کا حامی رہا ہے۔
پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ اسلام آباد اپنی صدارت کے دوران سلامتی کونسل میں شفافیت، کمیٹیوں کے درمیان ہم آہنگی اور مؤثر مکالمے کو فروغ دینے پر توجہ دے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران فلسطین کے مسئلے کو بھی نمایاں طور پر اجاگر کرے گا۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان، چین اور روس کی طرف سے سیز فائر سے متعلق قرارداد پر اتفاق تھا اور غزہ کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو پرامن بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ اس کے علاوہ، پاکستان او آئی سی اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک خصوصی اجلاس کی بھی صدارت کرے گا۔
یو این سیکیورٹی کونسل کی صدارت پر چینی سفارتخانے نے پاکستان کو مبارکباد دی۔