پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں اور خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ جھکنے والے ہیں نہ دبنے والے۔
علی امین گنڈاپورکی گفتگو
اسلام آباد میں مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 9 مئی کو ہم نے کون سی لائن کراس کی؟ میری گرفتاری تو 9 مئی سے پہلے ہوئی تھی اور مجھ پر دباؤ ڈالا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف بیان دوں۔ یہ سارا ڈرامہ صرف بانی پی ٹی آئی کو نشانہ بنانے کے لیے رچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم عدلیہ پر حملہ ہے اور پیکا ایکٹ عوام کو غلام بنانے کی سازش ہے، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم کو ایک نظریہ دیا اور ہمیں ان سے ملنے تک کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی حکومت جتنا زور لگانا چاہتی ہے لگا لے۔ اگر کے پی حکومت کو گرایا گیا تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ریاست ماں کی بجائے فرعونیت پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں خیبرپختونخوا کا ریونیو بڑھا، صحت کارڈ کا اجرا کیا، سوشل سیکٹر میں پنجاب سے بہتر کام کیا اور اس دور میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔ پی ڈی ایم کے دور میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلٰی کےپی نے مزید کہا کہ وفاق کو پڑوسی ملک سے متعلق پالیسی تبدیل کرنا ہوگی، کے پی میں دہشت گردی میں افغان دہشت گرد ملوث ہیں، دہشت گرد پاکستان کیسے آ رہے ہیں؟ بارڈر کس کے ماتحت ہے، ہم دہشتگردوں سے نہیں افغان حکومت سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں۔ عوام موجودہ حکومت کو سپورٹ نہیں کرتی۔
بیرسٹر گوہر کی گفتگو
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصد پارٹی میں یکجہتی کا پیغام دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی ہے، حتیٰ کہ مینڈیٹ چوری ہونے کے بعد بھی۔ ہمارے رہنماؤں کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہونی چاہیے تھی اور ہم ہر حال میں کے پی حکومت کا دفاع کریں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک عدم اعتماد لانے والوں کے پاس مطلوبہ عددی اکثریت نہیں ہے اور جسے شوق ہے وہ تحریک لے آئے، ہم مقابلہ کریں گے۔ بیرسٹر گوہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کی حفاظت کریں گے۔
شیخ وقاص اکرم اور جنید اکبر کی گفتگو
مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ تمام اسیران کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کر دیا اور کہا کہ ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جس میں پرامن احتجاج اور مذاکرات دونوں شامل ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی جنید اکبر نے بھی کہا کہ آج قومی اسمبلی اور کے پی کی قیادت اجلاس میں شریک ہوئی، ہمارے پارٹی اختلافات اپنی جگہ مگر ہم بانی پی ٹی آئی کی کال پر ایک ہیں، ہم پہلے بھی متحد تھے آج بھی متحد ہیں۔