مری مال روڈ پر خاتون ڈرائیور اور پولیس اہلکار میں تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، پولیس اہلکار نے گاڑی لے جانے پر کہا کہ میڈم، آپ نے شراب پی رکھی ہے جس پر خاتون نے جواب دیا ہے کہ ہاں پی رکھی ہے، تمہارے باپ کی پی ہے۔
سوشل میڈیا پر مری مال روڈ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں مبینہ طور پر نشے میں دھت ایک خاتون کو پولیس سے بدتمیزی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون شراب پی کر مال روڈ پر آئی ہیں اور ٹریفک پولیس اہلکار انہیں مال روڈ پر گاڑی لے جانے سے منع کر رہا ہے جس پر وہ بدتمیزی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مری مال روڈ پر ہر قسم کی ٹریفک پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار خاتون کو گاڑی آگے لے جا کر لگانے کا کہہ رہا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین اس پر مختلف تبصرے کرتے نظر آئے۔
سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ مری مال روڈ پر خاتون کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی پر پولیس نے اچھے حُسن سلوک کا مظاہرہ کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ سمجھ سے باہر ہے کہ نشے میں دھت خاتون کو جانے کیوں دیا گیا۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ پولیس ایک بااثر خاتون کے سامنے بے بس ہے یہی کوئی غریب ہوتا تو یہ پولیس والے اسے سڑکوں پر گھسیٹتے۔
ایکس پر ایک صارف کہتے ہیں کہ اگر خاتون بقول پولیس اہلکار شراب کے نشے میں دھت ہیں تو کم از کم ان کو گاڑی ڈرائیو کرنے سے تو زبردستی روکا جا سکتا تھا۔ پولیس نے خاتون کو گاڑی ڈرائیو کرنے کی اجازت دے کر خود قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔