لیسکو آفس میں معمر خاتون کو گھسیٹنے اور تشدد کرنے والے گارڈ کو ضمانت مل گئی

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب کے شہر شیخوپورہ لیسکو آفس میں معمر خاتون کو گھسیٹنے اور تشدد کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کو ضمانت مل گئی جبکہ واقعے کی ویڈیو گزشتہ روز وائرل ہوئی تھی، جس کا مقدمہ درج کرکے گارڈ کو گرفتار کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر واقع مین لیسکو آفس میں آئی بزرگ خاتون سے سیکیورٹی گارڈز نے ناروا سلوک روا رکھتے ہوئے گھسیٹ کر گیٹ سے باہر پھینک دیاتھا تاہم اس معاملے پر وزیر مملکت برائے توانائی و عوامی امور عبدالرحمان خان کانجو نے نوٹس لیا تھا۔

سوشل میڈیا پر بزرگ خاتون کو گھسیٹ کر دفتر سے باہر نکالنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، وفاقی وزیر کے نوٹس پر مقدمہ درج کرکے سیکیورٹی گارڈ کو گرفتارکیا گیا تھا اور لیسکو نے نوکری سے معطل کرکے انکوائری کمیشن مقرر کر دیا تھا۔

ایف آئی آر میں سیکیورٹی گارڈ نے افسران کے کہنے پر بزرگ خاتون کو دفتر سے باہر نکالنے کا ذکر بھی کیا ہے۔

وفاقی وزیر عبدالرحمان کانجو نے انکوائری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ سیکیورٹی گارڈ نے کس افسر کے کہنے پر بزرگ خاتون کو گھسیٹ کر دفتر سے باہر نکالا، ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

بعدازاں بزرگ خاتون پر تشدد کرنے والے گرفتار سکیورٹی گارڈ رب نواز کو سیکیورٹی گارڈ کو ضانت مل گئی، سیکیورٹی گارڈ رب نواز کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

مجسٹریٹ کی عدالت سے ضمانت منظوری کے بعد گارڈ کو رہاکردیا گیا تاہم متاثرہ خاتون تاحال منظر سے غائب ہے۔

Similar Posts