امریکہ کی ریاست میساچوسٹس میں ایک ماہی گیر نے نہایت دلکش منظر کی ویڈیو اپنے کیمرے میں قید کرلی، جس میں ایک ماں ریچھ کو اپنے دو بچوں کو کمر پر بٹھا کر جھیل عبور کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ منظر نیو سیلم کے علاقے میں واقع کوابن ریزروائر پر اس وقت دیکھا گیا جب ماہی گیر ازی ڈروسٹ اپنے دوست کے ساتھ مچھلی کے شکار پر نکلا تھا۔
رپورٹ کے مطابق مچھیرے اِزی ڈروسٹ نے بتایا کہ وہ اور ان کا ایک دوست نیو سیلم میں واقع کوابِن ریزروائر میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے جب انہوں نے تیرتی ہوئی مادہ ریچھ کو اپنے دو بچوں کو پانی کے پار لے جاتے ہوئے دیکھا۔
فیسبک پر پوسٹ کرتے ہوئے ازی ڈروسٹ نے لکھا ”کیا شاندار منظر تھا، ایسا نظارہ زندگی میں ایک بار ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔“
ماہرین کے مطابق سیاہ ریچھ میٹھے پانی میں کم از کم ڈیڑھ میل تک تیرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
میساچوسٹس ڈیویژن آف فشریز اینڈ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ ریچھوں کو ہمیشہ محفوظ فاصلے سے دیکھا جانا چاہیے اور انہیں کسی بھی صورت کھانا نہ دیا جائے۔
یہ پہلی بار نہیں کہ ریاست میں ریچھوں کے خاندان کو دیکھا گیا ہو۔ اکتوبر 2024 میں بھی ایک ماں ریچھ اپنے دو بچوں کے ساتھ ووسٹر کے ایک رہائشی علاقے میں گھومتی دیکھی گئی تھی، جس سے مقامی لوگ خوشی سے حیران رہ گئے تھے۔
عینی شاہد بریانا ایمنڈ پارکن نے کہا ”یہ ناقابلِ یقین منظر، واقعی ایک زندگی بھر کا یادگار لمحہ تھا۔“
ٹریسی ایمنڈ پارکن نے بھی قدرت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ”اس منظر نے مجھے قدرت کی طاقت اور ہمارے جنگلات کی صحت کی قدر سکھائی۔ جب تک کوئی زخمی نہ ہو، یہ ایک خوبصورت تجربہ ہے جس کا احترام کیا جانا چاہیے۔“
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کا ریچھ سے سامنا ہو تو گھبراہٹ سے بچنا، پیچھے ہٹنا اور ریچھ کو اپنی راہ لینے دینا بہتر ہے۔