دنیا کے ممتاز فیشن برانڈ ’لوئس ویٹون‘ نے اپنے مردانہ اسپرنگ اینڈ سمر 2026 کلیکشن میں ایک ایسی تخلیق پیش کی ہے جو سوشل میڈیا اور فیشن حلقوں میں خاصی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ اس شو کی تخلیقی قیادت معروف گلوکار و ڈیزائنر فریل ولیمز نے کی، اور اس بار کلیکشن میں ایشیائی ثقافت کے رنگ شامل کر کے ایک نیا انداز متعارف کرایا گیا۔
اس کلیکشن میں پیش کیا گیا ایک انوکھا اور فنکارانہ بیگ، جو آٹو رکشہ کی شکل میں ہے، یہ فیشن کی دنیا میں ایک منفرد اضافہ ثابت ہوا ہے۔ اس بیگ کو لوئس ویٹون کے کلاسک مونوگرام کینوس میں تخلیق کیا گیا ہے، جب کہ اس کے ہینڈلز اور پہیوں کو اعلیٰ معیار کے چمڑے سے تیار کیا گیا ہے، جس سے یہ بیگ نہ صرف ایک فیشن آئٹم بلکہ ایک ثقافتی علامت بھی بن گیا ہے۔
چپل چوروں کی چاندی: کولہا پوری چپل صرف 3 لاکھ 36 ہزار روپے میں، ایسا کیا خاص ہے؟
یہ بیگ لوئس ویٹون کے کلاسک مونوگرام کینوس میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں اونچے معیار کی چمڑے کی ہینڈلز، چھوٹے پہیے، اور مکمل طور پر آٹو رکشہ کا خوبصورت خاکہ بنایا گیا ہے۔ یہ تخلیق صرف ایک فیشن اسٹیٹمنٹ ہی نہیں بلکہ ثقافتوں کے ملاپ کی ایک فنکارانہ علامت ہے۔
فیشن کریئیٹر ڈائٹپرتھا نے اس بیگ کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں ہنسی مذاق کے ساتھ تبصرہ کیا گیا، ’ایسا لگ رہا ہے جیسے یہ بیگ ہم پر قبضہ کرنے آیا ہو… مذاق کر رہا ہوں! مگر این آر آئیز اس پر دل ہار جائیں گے۔‘
یہ تخلیق اسٹریٹ کلچر اور ہائی فیشن کے حسین امتزاج کی مثال ہے، جو جنوبی ایشیا کے روزمرہ مناظر کو عالمی سطح پر فیشن کے ایک نئے انداز میں پیش کرتی ہے۔
ایلون مسک کی بیٹی کی فیشن کی دنیا میں انٹری
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی لوئس ویٹون نے جہاز، ڈولفن اور دیگر غیر روایتی اشکال میں بیگز پیش کیے ہیں، مگر آٹو رکشہ بیگ اپنی انفرادیت کے باعث نمایاں ہو گیا ہے۔
متوقع ہے کہ یہ بیگ ایک دل دہلا دینے والی قیمت پرمارکیٹ میں پیش کیا جائے گا، مگر اس کی اصل قیمت اس کی تخلیقی سوچ، فنی مہارت اور ثقافتی گہرائی میں چھپی ہوئی ہے۔
لوئس ویٹون کا یہ آٹو رکشہ بیگ عالمی فیشن کی گلیوں میں نیا رنگ بھرنے اور ہر نظر کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے تیار ہے۔