سری لنکا اور بنگلادیش کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے دوران گراؤنڈ میں خطرناک سانپ داخل ہوگیا۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے خلاف 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی اننگز کے تیسرے اوور میں سانپ نے گراؤنڈ میں انٹری دی۔
پریماداسا اسٹیڈیم موجود شائقین اور ٹی وی اسکرین پر میچ سے لطف اندوز ہونے والے افراد لہراتے سانپ کو دیکھ کرخوفزدہ ہو گئے جبکہ کمنٹیٹر نے تبصرے میں امید ظاہر کی کہ سانپ زہریلا نہ ہو، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ سانپ تو سانپ ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گراؤنڈ میں داخل ہونے والا کوبرا زہریلا اور خطرناک تھا، جو دیکھنے میں کئی فٹ بڑا تھا، سری لنکا کے گراؤنڈ پر سانپ کے داخلے کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔
سری لنکا میں سانپوں کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے، جو کھیلوں کے اکثر مقابلوں میں اپنی موجودگی کو ظاہر کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور آئرلینڈ کے میچ کے دوران پچ پر کوبرا آگیا تھا، ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور آئرلینڈ کا میچ جاری تھا، اس دوران پچ پر سانپ کی وجہ سے میچ کو روکنا پڑ گیا جبکہ انگلش بیٹر جمائمہ نے بیٹ کے ہینڈل سے سانپ کو دور کردیا۔
بعد ازاں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا اور کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔