ٹرمپ کی ناراضی جمہوریت پر حملہ ہے، ظہران ممدانی

0 minutes, 0 seconds Read

نیویارک کے پہلے ممکنہ مسلمان مئیر ظہران ممدانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کا جواب دیدیا، کہا ٹرمپ مجھے ملک بدر کرنا چاہتے ہیں ، یہ سب کرکے وہ مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نیویارک کے میئر کے لیے نامزد امیدوار ظہران ممدانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنی تنقید پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کی ناراضی جمہوریت پر حملہ ہیں اور یہ سب کچھ ٹرمپ کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

ظہران ممدانی نے اپنے بیان میں کہا ”ٹرمپ نے ہمیشہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ امریکی عوام کے مسائل کے حل کے لیے لڑیں گے، لیکن ان کی انتخابی مہم کا بیشتر حصہ مہنگائی کم کرنے کے وعدوں کے ارد گرد گھومتا رہا۔ اب وہ میری ملک بدری کی دھمکیاں دے کر سیاست میں اپنے مقصد کو دھندلا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔“

ممدانی نے مزید کہا کہ وہ ان ہی افراد کے لیے لڑ رہے ہیں جن کے لیے ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ لڑیں گے، اور ان کا مقصد امریکی عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے نہ کہ ٹرمپ کی طرح سیاست کو ذاتی مفادات کا ذریعہ بنانا۔

ظہران ممدانی نے واضح کیا کہ ٹرمپ کا یہ رویہ جمہوری اصولوں اور عوامی خدمت کی روح کے خلاف ہے اور وہ اس سیاسی ہلچل سے امریکہ کے عوام کی حقیقی مشکلات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ممدانی کا کہنا تھا کہ ان کے سیاست میں قدم رکھنے کا مقصد ایسی پالیسیوں کو فروغ دینا ہے جو عوامی بہتری کے لیے کام کریں، نہ کہ صرف سیاستدانوں اور اشرافیہ کے مفادات کے لیے۔

Similar Posts