امیر مقام نے آج نیوز کے پروگرام نیوزانسائیٹ ود عامرضیا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹل ہے کے پی حکومت تبدیل ہوگی، حکومت ہم نہیں گرارہے، وہ پہلے ہی گرنے والی ہے۔ انھوں نے کہا کہ غیرقانونی تجاوزات پرکارروائی ہونا چاہئے۔ سوات میں میراہوٹل غیر قانونی نہیں۔ اسد قیصر نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہی ٹی آئی کا کوئی ایم این اے یا ایم پی اے وفاداری تبدیل نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیر اور رہنما مسلم لیگ ن امیر مقام نے آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائیٹ وِد عامر ضیا“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حکومت نہیں گرا رہے، کے پی حکومت پہلے ہی گرنے والی ہے، علی امین گنڈا پور جذباتی بیانات دے رہے ہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی متحد ہوتی توہماری خواہش پر بھی حکومت نہیں بدلتی، پی ٹی آئی میں پہلے ہی بہت اختلافات ہیں، اٹل ہے کہ کے پی حکومت ضرور تبدیل ہوگی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ وقت آنے پر پتا چل جائے گا کہ کون کون ہمارے ساتھ ہے، اپوزیشن کی تعداد کافی ہے، موقع دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔
امیر مقام نے سانحہ سوات پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ سانحہ سوات بہت دردناک ہے، تعزیت کیلئے ڈسکہ بھی گیا تھا، جاں بحق افراد کے لواحقین سے معافی بھی مانگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 12 سال سے حکومت ہے، غیر قانونی تجاوزات پر حکومت کو کارروائی کرنا چاہئے، حکومت کو غیر قانونی تعمیر پر نوٹس دینا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا ہوٹل غیر قانونی تعمیرات نہیں ہے، میرے پاس مکمل نقشہ اوراین او سی موجود ہے، عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے سوات میں آپریشن کیا گیا۔
اسد قیصر کی گفتگو
آج نیوز کے پروگرام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی گفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کےعوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، کوئی ایم این اے یا ایم پی اے وفاداری تبدیل نہیں کرے گا۔
اسد قیصر نے کہا کہ اپوزیشن میں موجود لوگ ہارے ہوئے لوگ ہیں، موجودہ حکومت اصل مسائل سےعوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے، کوئی بھی ایک دو سال کیلئے سیاسی کیریئر داؤ پر نہیں لگائے گا۔