وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت 19 ارب روپے سے زائد مالیت کے دانش اسکول کے منصوبے منظور کرلیے گئے،
وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیراعظم کے وژن کے تحت 19 ارب روپے سے زائد مالیت کے دانش اسکول منصوبے منظور کرلیے گئے۔
اجلاس میں تعلیم کے 6 منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی جبکہ منصوبوں کی مجموعی لاگت 19 ارب 25 کروڑ روپے ہے۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی و صوبائی حکومتیں 50،50 فیصد لاگت برداشت کریں گی، دانش اسکولز قلعہ سیف اللہ، ژوب، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی سمیت دیگر اضلاع میں قائم ہوں گے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہرہیں ملک میں خواندگی بڑھانا قومی ضرورت ہے، دانش اسکولز پسماندہ علاقوں میں تعلیمی انقلاب لائیں گے، اسکولز میں اساتذہ کے لیے رہائش، جدید سہولیات بھی ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت کا دانش اسکول منصوبوں میں 50 فیصد حصہ قابلِ تعریف ہے، دانش اسکولز ڈیجیٹل تعلیم، کاروباری مہارت و قومی یکجہتی کو فروغ دیں گے۔